لاہور (پی این آئی)شاباش رائنا خان ،غریب بچوں کو تعلیم دینے والی لاہور کی طالبہ رائنا خان نے برطانیہ سے 2020کا ڈایانا ایوارڈ جیت لیا، لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستان کی ایک اور باصلاحیت بیٹی نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا۔ سماجی خدمات پر نوعمر طالبہ رائنا خان نے دی ڈیانا ایوارڈ اپنے نام کر لیا۔
انسان دوست کاوشوں اور غریب بچوں کو تعلیم فراہم کرنے کے باعث اٹھارہ سالہ رائنا خان دی ڈیانا ایوارڈ دو ہزار بیس کی حق دار ٹھہریں۔یہ ایوارڈ پرنسزآف ویلز شہزادی ڈیانا کی یاد میں شروع کیا گیا جو نوجوانوں کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں دیا جاتا ہے۔نجی نیوز سے بات کرتے ہوئے رائنا خان نے بتایا کہ مشن پر چلتے ہوئے بہت سی آزمائشیں آئیں تاہم ان کے قدم نہیں لڑکھڑائے۔رائنا خان نے بتایا کہ پٹھان فیملی سے تعلق ہونے کی وجہ سے خاندانی تنقید اور اور سماجی مشکلات آئیں، لیکن میرے عزائم بلند تھے۔ باہمت اور پر عزم قوم کی بیٹی کامیابی کو والدین کی بھرپور حمایت کا ثمر قرار دیتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ’میرے والدین نے مجھے بہت زیادہ سپورٹ کیا۔آج انہی کی وجہ سے اتنی بڑی کامیابی حاصل کی، یہ ملک کے لیے خوشی کی بات ہے‘۔برطانیہ میں قائم ادارے نے دنیا بھر سے منتخب دی ڈیانا ایوارڈ ونرز کا اعلان آن لائن ٹرانسمیشن کے دوران کیا۔’’دی ڈیانا ایوارڈ‘‘ وہ واحد خیراتی ادارہ ہے جو ویلز کی شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا گیا ہے اور اس کے تحت ہر سال ایوارڈ دیے جاتے ہیں۔یہ ایوارڈ دنیا بھر کے 9 سے 25 سال کی عمر کے ان نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے انسانیت کی فلاح و بہبود اور معاشرے کو بہتر بنانے میں نمایاں کام سرانجام دیا ہے۔یہ ایوارڈ نوجوان رہنماؤں، وژنرز اور رول ماڈل کی کامیابیوں کا جشن منانے کے لیے مختص کیا جاتا ہے اور یہ ان ہی نوجوانوں کو دیا جاتا ہے جن میں دنیا کو بدل کر بہتر کرنے کی صلاحیت اور طاقت موجود ہوتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں