پنجاب میں مویشی منڈیاں عید الاضحیٰ سے 15 روز قبل لگائیں جائیں گی، وزیر اعلیٰ نے ایس او پیز بنانے کی ہدایت کر دی

لاہور(پی این آئی)پنجاب میں مویشی منڈیاں عید الاضحیٰ سے 15 روز قبل لگائیں جائیں گی، وزیر اعلیٰ نے ایس او پیز بنانے کی ہدایت کر دی۔ پنجاب کی کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس آج وزیر اعلی آفس میں منعقد ہوا -اجلاس میں کورونا وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا-اجلاس میں

عیدالاضحی کے لئے ایس او پیز کی تیاری اور دیگر ضروری انتظامات پر غورکیا گیا-وزیر اعلی عثمان بزدارنے عیدالاضحی سے 15 روز قبل مویشی منڈیاں لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈیاں شہری حدود کے باہر لگانے کے انتظامات جلد مکمل کئے جائیں اور عیدالاضحی کے موقع پر ایس او پیز کو جلد حتمی شکل دی جائے – وزیر اعلی عثمان بزدارنے سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث پنجاب میں کورونا کی وباء میں کمی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 80297ہے جبکہ 42854 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اورگزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں 1341 مریض سامنے آئے ہیں -انہوں نے کہا کہ ادویات اور انجکشن وافر مقدارمیں دستیاب ہیں – پنجاب حکومت نے مہنگے داموں ادویات فروخت کرنے پر 12 ہزار سے زائد انسپکشن کی ہیں – صوبے میں کسی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کرنے دیں گے – پنجاب حکومت سیوریج کے پانی میں وائرس کی موجودگی کا جائزہ لینے کے لئے پائلٹ پروگرام شروع کرے گی-پنجاب حکومت نے بہترین فیصلہ سازی کے لئے نامور طبی ماہرین پر مشتمل ٹیکنیکل ورکنگ گروپ تشکیل دیا- انہوں نے کہا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر نے گزشتہ 100 روز میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے – نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹرکے حکام مبارکباد کے مستحق ہیں – پنجاب حکومت نے ہر سطح پر وباء کا پھیلاؤ روکنے کے لئے موثر اقدامات کئے – میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں – صوبائی وزراء یاسمین راشد،میاں اسلم اقبال،فیاض الحسن چوہان، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اورمتعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ اعلیٰ حکام نے ویڈیولنک کے ذریعے اپنے دفاتر سے اجلاس میں شرکت کی-۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close