لاہور(پی این آئی)پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 14 وزارتیں چلانے کے بعد بھی ان کو کورونا وائرس کے علاج کے لیے ایک ٹیکہ بھی نہیں مل رہا تھا۔سنیچر کو لاہور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران کورونا کی بیماری کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’
پاکستان میں کوئی ایسا بندہ نہیں جس نے 14 وزارتوں کو چلایا ہو، اور پاکستانی قوم کا یہ حال ہے کہ اس شخص کو بیماری کے علاج کے لیے پورے ملک میں ایک ٹیکہ پانچ لاکھ روپے کا بھی نہیں مل رہا تھا۔‘انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے ان کے لیے ٹیکے کا انتظام کیا۔شیخ رشید احمد نے کورونا وائرس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اور خوفناک بیماری ہے۔ ’مجھ پر چار خودکش حملے ہوئے، میں کبھی نہیں گھبرایا، میرے پانچ پانچ ساتھی شہید ہوئے لیکن یہ بیماری اللہ کسی دشمن کو بھی نہ لگائے، اللہ شہباز شریف کو بھی صحت دے۔‘ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ سے عمر میں دس سال بڑا ہوں اور انہوں نے ہسپتال میں بیماری میں میرا خیال رکھا۔’ فوج کورونا وائرس اور ٹڈی دل کے خلاف جنگ کر رہی ہے، فوج سیلاب کے خلاف تیاری کر رہی ہے، فوج سرحدوں پر دفاع کر رہی ہے، پاکستانی فوج اصل میں اس ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کو پتا ہے کہ اس نے کیا کرنا ہے۔‘یا درہے کہ گذشتہ ماہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کورونا وائرس کا شکار ہو گئے تھے۔نیوز کانفرنس کے دوران ہی مائنس ون کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ‘وزیراعظم عمران خان بہت اپنی پوری محنت سے حکومت چلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اگر مائنس ون کی کوئی بات آئی تو پھر مائنس ون نہیں ہوگا، پھر مائنس تھری ہی ہوگا۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ اب ہم نے عوام کو ڈیلیور کرنا ہے اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم کس طرح ڈیلیور کرتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کو کس طرح ثابت کرسکتے ہیں لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ ہم اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر آکر دھو رہے ہیں اور جو کام اپوزیشن نہیں کرسکتی وہ ہم خود کر رہے ہیں۔’تحریک انصاف کے وزرا اور ارکان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے گندے کپڑے ٹی وی پر آکر نہ دھوئیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں