دیر ہے اندھیر نہیں، داغدار جج کے داغدار فیصلوں کو بھی پھاڑ کر پھینک دیا جائے۔مریم نواز جذباتی ہو گئیں

لاہور(پی این آئی)دیر ہے اندھیر نہیں، داغدار جج کے داغدار فیصلوں کو بھی پھاڑ کر پھینک دیا جائے۔مریم نواز جذباتی ہو گئیں۔مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے جج ارشد ملک بارے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سچ کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے انصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ دھویا ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ کا بے انتہا شکر جس کے ہاں نہ دیر ہے نہ اندھیر۔ اب عدلیہ کے وقاراورانصاف کا تقاضا ہے کہ داغدار جج کے داغدار فیصلوں کو بھی پھاڑ پھینکا جائے۔انہوں نے لکھا کہ آج کا فیصلہ بے شک سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہے۔ اس فیصلے نے نواز شریف پر ہی نہیں، عدل وانصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ بھی دھویا ہے۔مریم نواز شریف نے لکھا کہ تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے مقبول ترین سیاستدان کی بے گناہی پر وقت کا فیصلہ آ گیا ہے۔ سات محترم جج صاحبان نے جج کی برطرفی کے ذریعے واضح کر دیا کہ نوازشریف کو کس طرح سزائیں دی گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ انصاف کبھی ادھورا نہیں ہوتا۔ مکمل انصاف کا تقاضہ ہے کہ جس طرح جج کو برطرف کیا گیا ہے اسی طرح اس کے بدعنوان فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔لیگی رہنما نے کہا کہ آئین اور قانون کے احترام کا درس دینا بہت آسان ہے۔ یہ جانتے ہوئے کہ آپ بے قصور ہوں، جانتے ہوئے کہ ظلم اور ناانصافی ہو رہی ہے۔ اپنی شریک حیات کو بستر مرگ پر چھوڑ کر قانون کے سامنے سر جھکا دینے کے لئے نواز شریف کا جگر اورحوصلہ چاہیے۔ اللّہ بے گناہ اور بہادر لوگوں کو تنہا نہیں چھوڑتا۔انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے منتخب وزیراعظم ہیں جو اپنا آپ اور اپنا خاندان بکھرتا دیکھتے ہیں۔ بڑے سے بڑا نقصان اٹھا لیتے ہیں، مگر آئین اور قانون کو سربلند رکھتے ہیں۔ نواز شریف کا صبر جیت گیا، ان کی استقامت جبر پر بھاری رہی۔ نواز شریف کے چاہنے والے اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر ادا کریں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close