اسلام آباد(پی این آئی)گندے انڈے نکال دیں گے تو پی آئی اے دنیا کی ٹاپ کی ائر لائن بن جائے گی، بحری جہازوں کے وزیر علی زیدی کا پی آئی اے کے بارے میں اعلان، وفاقی وزیر علی زیدی نے دعویٰ کیا ہے کہ پی آئی اے میں ایسی صفائی ہوگی کہ دنیا کی ٹاپ ایئرلائن بن جائے گی جب کہ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ 28
پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے جن کیخلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی نے اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فراز اور بیرسٹر شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 10 سال میں دونوں حکومتوں نے ملکی تشخص کو شدید نقصان پہنچایا، شاہدخاقان عباسی اتنے قابل تھے جو وزیراعظم کے ساتھ ایئربلیو کے مالک بھی تھے، 10سال میں پی آئی اے نیچے اور ذاتی کاروبار اوپر چلے گئے۔انہوں نے کہا کہ مارچ 2019 میں ہم نے ایوی ایشن کی نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، اگر گندے انڈے نکال دیں گے تو بہترین ادارہ سامنے آئے گا جب کہ خلاف ضابطہ بھرتیوں میں ملوث افراد کا کڑا احتساب ہوگا۔وزیر اطلاعات اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ عوام اعتماد رکھیں، اس وقت تمام پائلٹس اسکروٹنی کے عمل سے گزر چکے ہیں، جہاز اڑانے والے تمام پائلٹس تحقیقات کے بعد کلیئر ہیں۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سول ایوی ایشن حکام کوتحقیقات جلدمکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، اداروں میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، 28 پائلٹس کی حتمی رپورٹ کابینہ میں پیش کردی گئی ہے جن کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں