لاہور(پی این آئی) 63 فیصد پاکستانی اسمارٹ جبکہ 21 فیصد مکمل لاک ڈاؤن کے حامی۔ انسٹی ٹیوٹ فار پبلک اوپینیئن ریسرچ کی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستانی عوام سے کورونا کے حوالے سے ایک سروے کیا ہے جس میں 67 فیصد پاکستانیوں نے کہا ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کے لیے خود کو
اور اپنے اہل خانہ کو ویکسین لگانے کے لیے تیار ہیں جب کہ 19 فیصد نے ویکسین کے لیے رضا مندی ظاہر نہیں کی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 63 فیصد پاکستانی اسمارٹ جبکہ 21 فیصد مکمل لاک ڈاؤن کے حامی ہیں۔ سروے میں 54 فیصد مردوں اور 46 فیصد خواتین سے رائے لی گئی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 33 فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ کورونا پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ بے احتیاطی ہے جب کہ 11 فیصد کا کہنا تھا کہ کورونا پھیلنے کی وجہ سخت لاک ڈاؤن نہ ہونا ہے، 9 فیصد نے کہا ہے کہ حکومت کی کمزور پالیسی کی وجہ سے کورونا پھیلااور مزید 9 فیصد کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کی پابندی نہ کرنے سے پھیلا۔خیال رہے کہ پوری دنیا کی طرح اس وقت پاکستان بھی کورونا کی لپیٹ میں آچکا ہے جس کے بعد ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں اگر کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے تو ملک میں کورونا سے مزید 55 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 4446 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 216097 تک پہنچ گئی ہے۔ اب تک پنجاب میں کورونا سے 1762 اور سندھ میں 1406 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 973 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ اسلام آباد میں 128، بلوچستان میں 121 ، آزاد کشمیر میں 30 اور گلگت بلتستان میں 26 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں