سلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نور عالم خان نے اپنی حکومت کے خلاف قرارداد پر دستخط کر دیے۔تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اور حکومت کی اتحادی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کی قرارداد جمع کروا دی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے رکن نور عالم خان نے
بھی اپنی حکومت کے فیصلے کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے اس پر دستخط کئے ہیں۔یہ قرارداد اپوزیشن کی جانب سے مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان ،پاکستان مسلم لیگ ق کے ارکان اور ایک آزاد رکن نے جمع کرائیں۔نور عالم خان نے وزیراعظم کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔بعض ارکان نے وزیراعظم عمران خان تک شکایات پہنچائی کہ 18 ایم این ایز وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے رویے سے پریشان ہیں کیونکہ وہ ایم این ایز کی بجائے ایم پی ایز کو ترجیح دیتے ہیں۔نور عالم خان نے گذشتہ سال پارٹی پالیسی کیخلاف تقریر بھی کی تھی۔وزیرعظم نے نورعالم خان کو پارٹی پالیسی کیخلاف تقریرپر کھری کھری سنا ئی تھیں۔وزیراعظم عمران خان پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر نورعالم پر بھی برس پڑے، انہوں نے کہا کہ نورعالم میں نے آپ کی قومی اسمبلی والی تقریر سنی ہے۔ گزشتہ ادوار میں جو لوٹ مار ہوئی تب نورعالم کیوں نہیں بولے؟ کیا نورعالم تمہیں پچھلی حکومت میں مہنگائی نظر نہیں آئی؟ اب یاد آیا مہنگائی ہے؟ گزشتہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھی ہے۔کیا جب آپ پچھلی حکومت میں تھے تب کیوں تنقید نہیں کرتے تھے؟جس پر نورعالم نے کہا کہ میں پچھلی حکومت کی پالیسیوں پر بھی تنقید کرتا تھا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے جذبات اور احساسات کا اظہار پارلیمانی پارٹی کے اندر کیا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں