حکومت اپنے ممبران اور اتحادیوں کا اعتماد کھوچکی ہے، اسمبلی میں آئیں اور اعتماد کا ووٹ لے کر دکھائیں، وزیراعظم کو چیلنج کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں نے وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ لینے کا چیلنج کردیا، سینئر نائب صدر ن لیگ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ حکومت اپنے ممبران اور اتحادیوں کا اعتماد کھوچکی ہے، عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں اسمبلی میں آئیں اور اعتماد کا ووٹ لے کر دکھائیں،

جھوٹ بولنے اور الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا۔تفصیلات کے مطابق آج قومی اسمبلی میں اپوزیشن جاعتوں نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں، بجٹ، اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والے اراکین میں شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ، نوید قمر، خواجہ آصف اور دوسری جماعتوں کے رہنماء شریک تھے۔مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ اسپیکر نے انہیں بولنے کی اجازت دی۔قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر نے بےہودہ گفتگو کی، اپنے سیاسی کیرئیر میں ایسی گفتگو نہیں سنی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اور ای سی سی کا ہر فیصلہ مشکوک ہے۔ حکومت اور معیشت آج مفلوج ہے۔ چینی منہگی ہونے پر کمیشن بنا آج بھی چینی 95 روپے فی کلو میں مل رہی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں ایک دن میں 34 فیصد اضافہ کبھی نہیں ہوا، اس کا کون ذمہ دارہے؟ آج ہم کہاں جارہے ہیں؟ ملک کہاں جا رہا ہے؟ کیا وزیراعظم اور وزیر کو فکر ہے ملک کہاں جا رہا ہے؟ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ دو سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا لیکن ن لیگ اور پیپلزپارٹی پر کوئی کرپشن کا الزام ثابت کرسکے۔جھوٹ بولنے اور الزام لگانے سے کام نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے ممبران اور اتحادیوں کا اعتماد کھوچکی ہے۔ عمران خان کو چیلنج کرتے ہیں کہ وہ اسمبلی میں آئیں اور اعتماد کا ووٹ لے کر دکھائیں۔ اسی طرح قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر علی زیدی کے پیپلزپارٹی پر الزامات کے نتیجے میں نوید قمر اور علی زیدی سمیت اراکین آمنے سامنے آگئے، نوید قمر نے کہا کہ اگر لڑائی کرنی ہے تو آجائیں میں نے بھی اپنا کوٹ اتار دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close