کراچی کے نجی اسکولوں نے اپریل، مئی کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کے حکومتی فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا

کراچی(پی این آئی)کراچی کے نجی اسکولوں نے اپریل، مئی کی فیسوں میں 20 فیصد رعایت کے حکومتی فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا، نجی اسکولوں نے اپریل اور مئی کی فیسوں میں 20فیصد رعایت دینے کے حکومتی فیصلے کو ماننے سے انکار کردیا ہے جبکہ کورونا کی وباء کے باوجود کچھ اسکولوں نے رعایت

دینا تو درکنار فیسوں میں بھی اضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے والدین سخت پریشان ہیں اور ان میں بے چینی پائی جاتی ہے۔سیکرٹری تعلیم خالد حیدر شاہ اس وقت کورونا کے باعث شدید علیل ہیں جبکہ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی دیگر معاملات میں زیادہ مصروف ہیں جبکہ ڈی جی کالجز ڈاکٹر منسوب حسین صدیقی کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا جارہا ہے جس کا فائدہ نجی اسکولوں نے اٹھانا شروع کردیا ہے اور ان کی چاندی ہوگئی ہے۔ایجوکیٹرز لانڈھی کیمپس زمان آباد سمیت دیگر کیمپسز کے علاوہ شہر کے متعدد اسکولز نے اپریل اور مئی میں والدین کو فیسوں کی مد میں20 فیصد رعایت نہیں دی۔ مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم بچوں کے والدین نے بتایا کہ اسکول کسی صورت رعایت دینے پر تیار نہیں اور جب ان سے کہتے ہیں کہ محکمہ تعلیم نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے تو جواب دیا جاتا ہے کہ ہمیں نوٹیفکیشن نہیں ملا، ہم فیس کم نہیں کرسکتے۔ادھر محکمہ تعلیم نے تا حال سی اے ایس اسکول کی جانب سے سندھ کووڈ -19ایمرجنسی ریلیف آرڈیننس 2020میں معاف کی گئی20 فیصد فیس والدین سے طلب کرنے کا نوٹس نہ لئے جانے پر والدین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر تعلیم سعید غنی سے معاملے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close