امریکا کے سرکاری دوروں پر کس نے کتنا خرچ کیا؟ تفصیلات پیش کر دی گئیں

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر پارلیمانی امور علی محمد خان نے نواز شریف، آصف زرداری، یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی اور عمران خان کے امریکا، ڈیوس اور اقوام متحدہ کے دوروں کے اخراجات کا موازنہ قومی اسمبلی میں پیش کردیا۔بجٹ سیشن کے دوران قومی اسمبلی میں اپوزیشن رکن رانا ثناءاللہ نے وزیر

اعظم سیکرٹریٹ اور ہاؤس کے اخراجات پر نکتہ اعتراض بلند کیا۔ رانا ثناءاللہ نے بیان دیا کہ کہا جاتا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کے اخراجات میں کمی کی گئی، ہماری حکومت کے آخری سال وزیر اعظم ہاؤس کا خرچہ 98 کروڑ روپے تھا جب کہ پی ٹی آئی حکومت کے پہلے سال کا خرچہ ایک ارب 6 کروڑ اور اب بڑھ کر ایک ارب 17 کروڑ ہوچکا ہے، بتایا جائے اخراجات میں کہاں کمی ہوئی؟رانا ثنا نے کہا کہ وزرا کہتے ہیں کہ وزیر اعظم ہاو¿س میں چائے اور بسکٹ کے علاوہ کچھ نہیں ملتا، کیا لوگ اتنے مالیت کے بسکٹ کھا گئے؟وزیر مملکت علی محمد خان نے جواب دیا کہ وزیر اعظم آفس کے لیے 454 ملین روپے رکھے گئے جن میں سے 137 ملین روپے بچائے گئے، اگر صرف بیرون ممالک دورں کا موازنہ کیا جائے تو آصف علی زرداری نے امریکا کا دورہ کیا تو 7 لاکھ ڈالر خرچ کیے، نوازشریف نے 5 لاکھ 49 ہزار ڈالر اور عمران خان نے صرف 67 ہزار ڈالر خرچ کیے۔وزیر مملکت نے کہا کہ آصف زرداری نے اقوام متحدہ کا دورہ کیا اور اس پر 13 لاکھ ڈالر اور نواز شریف نے اقوام متحدہ کے دورے پر 11 لاکھ ڈالر خرچ کیے جبکہ عمران خان نے دورہ اقوام متحدہ پر 1 لاکھ 62 ہزار ڈالر خرچ کیے۔علی محمد خان کے مطابق اسی طرح وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ڈیوس کے دورے پر 4 لاکھ 60 ہزار ڈالر خرچ، شاہد خاقان عباسی نے 5 لاکھ ڈالر اور نواز شریف نے 7 لاکھ ڈالر خرچ کیے اور ڈیوس میں ایک لفظ بھی نہ بولا۔علی محمد خان کا جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا جب وزیر اعظم عمران خان دورہ ڈیوس پر گئے تو انہوں نے اپنی میٹنگ میں کہا ان کے دوست نے ان کے دورے پر 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر خرچ کیے ورنہ وہ سرکاری خزانے سے یہ خرچ نہیں کرسکتے تھے میں کہتا ہوں وہ سرکاری خزانے سے خرچ کریں اور پانچ ارب کی جگہ 10 ارب خرچ کریں کیونکہ ان کی اے ٹی ایمز پانچ ارب لگا کر پانچ سو ارب نکالتی ہیں۔شازیہ مری نے طنز کیا کہ عمران خان سے پوچھا جائے کبھی انہوں ںے اپنے بچوں کی اسکول کی فیس دی ہے؟ جو اپنے بچوں کی اسکول فیس نہیں دیتا وہ قوم کے بچوں کا باپ کہاں سے بنے گا؟

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close