اپوزیشن کا صبر ٹوٹ گیا، حکومت گرانےکیلئے ہر آئینی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاق میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے متفقہ طور پر بجٹ کو مسترد کردیا ہے، حکومت کی تبدیلی کیلئے ہرآئینی راستہ اختیار کریں گے، پی ٹی آئی حکومت نے عوام دشمن بجٹ دے کرپورے ملک کو متحد کر دیا، بجٹ منظوری سے پہلے پٹرول پر جتنا ٹیکس لگایا گیا، وہ پٹرول سے بھی

منہگا ہے۔ آج اسلام آباد میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری، مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر خواجہ آصف، جےیوآئی ف کے اکرم درانی، جماعت اسلامی کے میاں اسلم، اور دوسری جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ عوام دشمن بجٹ کو مسترد کیا جاتا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا وباء پرتمام اپوزیشن نے ذمہ دارانہ کردارادا کیا۔ عمران خان کا وزیراعظم ہونا قوم کی صحت اورمعاشی صورتحال کیلئے خطرہ ہے۔وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے ن لیگ، پیپلزپارٹی اور دیگر جماعتوں میں قیادت موجود ہے۔ وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے تحریک انصاف میں قیادت موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف بیمار ہوتے ہوئے بھی عمران خان کا پسینہ نکال رہے ہیں۔اپوزیشن آج بھی حکومت کو ٹف ٹائم دے رہی ہے کل بھی دے گی۔ وباء کے دوران عام انتخابات کرانا مشکل ہوں گے۔ سیاسی جماعتوں کو مل کر جمہوری حل نکالنا چاہیے۔ اٹھارویں ترمیم سے جمہوریت کو تحفظ ملا۔ عالمی اداروں کی بات مان کر موجودہ بحران سے نمٹا جا سکتا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ نیا مینڈیٹ ہی موجودہ مسائل سے نجات کا راستہ ہے۔ اس وقت ملک کو نئے مینڈیٹ کی ضرورت ہے۔ حکومت کی تبدیلی کیلئے ہرآئینی راستہ اختیار کریں گے۔ کورونا وباء معیشت کی بحالی کے دروازے بھی بند کرچکی ہے۔ کورونا وباء ہزاروں جانیں لے چکی ہے۔ پٹرولیم سے متعلق مشیرخزانہ نے دو دن قبل کہا کہ قیمتیں نہیں بڑھا رہے۔ مشیرخزانہ کے بیان کے دو دن بعد عوام پر پٹرول بم گرایا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں