اسلام آباد(پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے آخر کار ان کی تدبیرکام آ گئی۔عمران خان نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ مجھے فخر ہے کہ کرونا کی وبا سے پیدا شدہ بحرانی کیفیت میں وطنِ عزیز کو مسلسل درست سمت میں رکھنے کے لیے سمارٹ لاک ڈاؤن کی میری تدبیر کام آئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میری ٹیم اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کرنے والے پہلے لوگوں میں شامل تھی، آج سے اگر ہم ایس او پیز کا لحاظ رکھتے ہیں تو بحران کی سنگینی سے بخوبی نجات پالیں گے۔وزیر اعظم نے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن اختیار کرنے والوں میں میری ٹیم سر فہرست ہے۔وزیر اعظم نے سمارٹ لاک ڈاؤن پر غیر ملکی جریدے کا آرٹیکل بھی شیئر کیا، جو ’’اسمارٹ لاک ڈاؤن یورپ کا مستقبل ہے‘‘ کے عنوان سے شائع ہوا ہے۔اس آرٹیکل میں بلومبرگ کے اوپینئن ایڈیٹر فرڈینڈو جوگلیانو نے لکھا کہ جرمنی، اٹلی اور پرتگال کرونا وائرس کے انفیکشن کے نئے اضافے کو روکنے کے لیے چھوٹے اور مقامی شٹ ڈاؤنز کی تدابیر پر کام کرنے لگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے مماک اب کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے نئے طریقے ڈھونڈ رہے ہیں، جرمنی، پرتگال اور اٹلی نے منتخب یا اسمارٹ لاک ڈاؤنز کے نفاذ کے ذریعے وبا کے از سر نو پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پورے ملک کی بجائے مخصوص علاقے بند کیے ہیں، یہ ترکیب ہی ایک زیادہ نارمل زندگی کی طرف لوٹنے کی واحد امید رہ گئی ہے، یہاں تک کہ کوئی ویکسین سامنے آ جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں