اسلام آباد(پی این آئی):کونسا لیڈر بیمار پڑ گیا؟ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کر دی گئی، اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس تاخیر کا شکار ہو گئی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ اب اے پی سی آئندہ ہفتے بلائے جانے کا امکان ہے۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے اے پی سی آئندہ ہفتے بلائی جائے گی،
کانفرنس میں تاخیر شہباز شریف کی علالت کے باعث ہوئی ہے، اسلام آباد میں اے پی سی کی میزبانی بلاول بھٹو کریں گے۔ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی سے آل پارٹیز کانفرنس کے التوا کی درخواست کی تھی، شہباز شریف نے کہا تھا کہ موجودہ حالات میں اپوزیشن کی اے پی سی انتہائی اہم ہے، کانفرنس میں ذاتی طور پر شرکت کا خواہش مند ہوں، لیکن میرے کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک اے پی سی نہ بلائی جائے۔بلاول بھٹو نے اے پی سی پر سینئر پارٹی قیادت کا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے، وہ ویڈیو لنک پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کریں گے۔قبل ازیں، بلاول بھٹو نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی کو فون کیا، دونوں رہنماؤں نے قومی بجٹ کو مسترد کرنے پر اتفاق رائے کیا، بلاول کا کہنا تھا کہ حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہو چکا ہے، حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکی، عمران خان کو آئین پر تنقید سے فرصت نہیں، قیمتوں میں اضافہ کر کے مافیا کو فائدہ پہنچایا گیا۔اسفندیار ولی نے بھی بلاول بھٹو اور شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطوں میں اپنا مؤقف سامنے رکھا کہ حکومت نے آئی ایم ایف کی ایما پر غریب دشمن بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، محاصل کے اہداف زمینی حقائق کے بر عکس رکھے گئے ہیں، اپوزیشن 18 ویں ترمیم میں کسی صورت رد و بدل برداشت نہیں کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں