تحریک انصاف کو ایک اور جھٹکا، اہم پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے اپنی نشست چھوڑنے کی دھمکی دیدی

لاہور(پی این آئی) رہنما پی ٹی آئی راجہ ریاض نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم کچھ کام نہیں کر پا رہے، لوگوں سے نوکریوں کے وعدے بھی پورے نہیں ہو سکے، جس طرح ہماری اس حکومت میں تذلیل ہو رہی ہے، میں استعفیٰ دینے

پر بہت سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں۔اینکر فیصل عباسی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں اس پر اپنے دوستوں اور عزیزوں سے مشاورت کر رہا ہوں اور ان سے مشاورت کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ لوں گا۔خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہر گزرتے دن کے ساتھ کمزور ہوتی جا رہی ہے، فواد چوہدری کے بیانات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے درمیان تقسیم دیکھنے میں آ رہی ہے۔جبکہ اس سے پہلے بھی راجہ ریاض پی ٹی آئی سے ناراضگی اور کارکردگی کے حوالے سے بات کر چکے ہیں۔ اس سے پہلے ان کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن میں ہم سے بہت برا سلوک ہوگا، عوام پی ٹی آئی سے سخت ناراض ہے، عمران خان کے پاس اتنی بڑی سپورٹ تھی، پھر بھی یہ صورتحال ہے، ہم روز اپنے ڈیرے پر بیٹھتے ہیں ہمیں معلوم ہے لوگ کتنا ناراض ہیں۔ یہ گفتگو بھی انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بیٹھ کر کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ پٹرول نہ ملنے کے ذمہ دارغیرمنتخب افراد ہیں،جن سے کوئی پوچھ نہیں رہا۔سکھر تک موٹروے پر کوئی پٹرول پمپ نہیں۔ موٹروے سے اتر کرملتان یا لیہ سے پٹرول ڈلوانا پڑتا ہے۔ راجہ ریاض نے کہا کہ کسی سے تو پوچھا جائے کہ موٹروے پر 8 ماہ سے سہولتوں کا سسٹم کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن میں ہم سے بہت برا سلوک ہوگا کیونکہ لوگ ہم سے سخت ناراض ہیں۔ ان تمام ناراضگیوں کے بعد اب ایک نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ ریاض نے قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close