بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی، تمام ایئرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دیدی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت نے تمام ایئرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی معیدیوسف میں اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ تمام ایئرلائنز کو پاکستان آنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔27 جون سے جو مسافر پاکستان سے باہر جائے گا,اس

کی ائیر پورٹ پر اسکریننگ کی جائے گی اور پاکستان سے باہر جانے والے اگر بیمار ہیں یا ان میں علامات ہیں تو وہ ایئرپورٹ پر نہ آئیں۔انہوں نے کہا کہ ایسی بات نہیں ہے کہ پاکستان سے جانے والے ہر مسافر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہو۔پاکستان سے بیرون ملک جانے والے کچھ افراد میں کورونا مثبت آیا ہے جس پر کچھ ممالک کو تحفظات ہیں۔معاون خصوصی معید یوسف نے مزید کہا کہ بڑی تعداد میں پاکستانی واپس آرہے ہیں اور وزیراعظم کی بھی ہدایات ہیں کہ بیرون ملک میں پھنسے محنت کشوں کو ترجیحی بنیادوں پر واپس بلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ 26 جون سے 30 جون تک 270 پروازیں پاکستان آئیں گی جن کے ذریعے 40 سے 45 ہزار پاکستانی واپس آئیں گے۔دو سے تین ہفتوں میں اپنے تمام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو واپس لانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔معید یوسف نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل حل کیے جائیں۔بیرون ملک جانے والے مسافروں کی اسکریننگ ہوگی۔ہم سکریننگ کا عمل سخت کریں گے۔بیرون ملک جانے والے مسافروں متعلقہ ملک کی پالیسی کے مطابق سفر کریں گے۔دوسری جانب پاکستان میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث دو غیرملکی ایئرلائنز نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں معطل کردی ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث فلائی دبئی اور اتحاد ایئر نے پاکستان سے جانے والی پروازیں معطل کر دی ہیں۔فلائی دبئی کے مطابق ایئرلائن نے پاکستان میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث پاکستان سے مسافر نہ لے جانے کا فیصلہ کیا ہے اور 25 جون سے صرف دبئی سے پاکستان مسافروں کو لایا جائے گا۔ دوسری جانب اتحاد ایئر نے بھی پاکستان سے جانے والی پروازیں فوری طور معطل کردی ہیں، اتحاد ایئر کے مطابق یو اے ای سے پاکستان آنے والے مسافروں والی پروازیں اور اتحاد ایرویز کی کارگو سروس مکمل جاری رہے گی۔ پاکستان کے لیے اپنی پروازیں عارضی طور پر 10 دن کے لیے معطل کی ہوئی ہیں، ایئر لائن ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 جولائی کے بعد دوبارہ جائزہ لیکر ہاکستان کے لیے پروازیں شروع کرنے پر غور ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close