لاہور (پی این آئی) چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے ہدایت کی ہے کہ انتظامی افسران اپنے اپنے اضلاع میں کورونا وائرس سے زیادہ متا ثرمزید علاقوں کی نشاندہی کر کے رپورٹ بھجوائیں جس کی روشنی میں ان علاقوں کو ہاٹ سپاٹ قرار دے کر لاک ڈائون کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔انہوں نے یہ ہدایت صوبے
کے مختلف شہروں میں جاری سمارٹ لاک ڈائون کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیمپ آفس میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ مومن آغا، کمشنر لاہور ڈوویژن سیف انجم اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنر زاور ڈی پی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے لاک ڈائون کے دائرہ کار کوبڑھانے پر غور کیا گیا۔چیف سیکرٹری کو پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف شہروں میں سمارٹ لاک ڈائون کے مثبت نتائج برآمد ہووئے ہیں اور کورونا وائر س کے کیسز اور اموات کی شرح میں کمی آئی ہے۔اجلاس میں ہول سیل اور دیگر روائتی بازاروں میں کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایس اوپیز پر عملدرآمدکا جائزہ بھی لیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے والے بازاروں کو مکمل بند کردیا جائے گا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ،ایس او پیز میں دیئے گئے استثنیٰ کے علاوہ مزید کوئی رعائیت نہیں دی جا سکتی۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اب تک بہاولپور میں71، ملتان میں 824 ، ڈی جی خان میں650، ساہیوال میں450، فیصل آباد میں 92، سرگودھا میں1600، گوجرانوالہ میں99اور شیخوپورہ میں 1847دکانوں کو سیل کیا گیا۔ ٹائیگر فورس کو احساس پروگرام، ٹڈی دل ، ڈینگی، ماسک کے استعمال اورسماجی فاصلہ کی اہمیت سے متعلق آگاہی بڑھانے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے تمام انتظامی افسران کل تک صوبے میں فنکشنل اور نان فنکشنل فلور ملوں کی تفصیلات فراہم کرنے سے متعلق ہدایات بھی جاری کیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں