فواد چوہدر ی سے استعفیٰ کا مطالبہ ۔۔۔ شاہ محمود قریشی کھل کر میدان میں آگئے ، حقیقت بتا دی

اسلام آباد (پی این آئی) فواد چوہدری سے استعفیٰ لینے کا کوئی مطالبہ نہیں کیا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خبر کی تردید کردی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ فواد چوہدری سے استعفیٰ لینے کے لیے میرے وزیراعظم سے مطالبہ کے حوالہ سے نجی ٹی وی پر چلنے والی خبر من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی

ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ایک خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے دو سینیئر رہنما اسد عمر اور شاہ محمود قریشی نے فواد چوہدری کے استعفے کا مطالبہ کردیا ہے۔کہا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے ملاقات کی ہے جس میں دونوں نے وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔وزیراعظم سے ملاقات میں دونوں وزراء نے کابینہ میں گزشتہ روز ہونے والی بحث پر بات چیت کی اور اپنے اپنے حوالے سے وضاحت پیش کی۔وزراء کی جانب سے وزیراعظم کو کہا گیا کہ فواد چوہدری نے ناکامیوں کا ذمہ دار ہمیں ٹھہرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری نے اپنے انٹرویو میں تاثر دیا کہ حکومت اور پارٹی ہماری وجہ سے ناکام ہو رہی ہے۔ دونوں وزراء نے کہا کہ جہانگیر ترین کے خلاف نہ کبھی کوئی سازش کی اور نہ ہی حصہ ہیں۔فواد چوہدری کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے لہذا ان سے استعفیٰ لیا جائے۔اگر فواد چوہدری کے خلاف کارروائی نہ ہوئی تو نرمی کا تاثر جائے گا۔تاہم اب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ یہ خبر من گھڑت ہے اور ان سے منصوب کر کے غلط طور پر چلائی گئی ہے۔ واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اسد عمر اور شاہ محمود قریشی کے حوالے سے انٹرویو میں کچھ باتیں کیں تھیں جن پر یہ سارا معاملہ شروع ہوا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں