وزارت مذہبی امور نے حج کے کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ کر لیا

اسلام آباد(پی این آئی):وزارت مذہبی امور نے حج کے کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ کر لیا، وزارت مذہبی امور نے حج کے کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی نیوز کے مطابق سعودی وزارت حج کی جانب سے اس سال حج کو محدود رکھنے کا اعلان کیا

گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ رواں برس سعودی عرب میں مقیم مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے افراد ہی فریضہ حج ادا کرسکیں گے، جب کہ کورونا وائرس وبا کے باعث اس سال بیرون ملک سے عازمین کو حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔سعودی وزارت حج کے اعلان کے بعد پاکستانی وزارت مذہبی امور نے حج 2020 کے کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپس دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے حج فارمولیشن کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا ہے، حج فارمولیشن کمیٹی کے اجلاس کے بعد کامیاب درخواست گزاروں کو پیسے واپسی کا اعلان کیا جائے گا۔وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری کا کہنا ہے کہ حج کی محدود پیمانے پر ادائیگی کے سعودی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، سعودی وزیر حج نے اعلان سے پہلے ہمیں اعتماد میں لیا ، جسکے لئے ہم شکر گذار ہیں، یہ فیصلہ شریعت کے حکم اور موجودہ حالات کے عین مطابق ہے، عالم اسلام کے حجاج کرام کو کورونا وبا سے بچانے کیلئے ایک مشکل مگر دانشمندانہ اقدام ہے، دنیا بھر میں جاری اس موذی وبا کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے سعودی فیصلے کی تائید کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزارتِ مذہبی امور نے پاکستانی حجاجِ کرام کو رقوم کی واپسی کا فیصلہ کر لیا ہے، ضروری امور طے کرنے کے بعد حجاج کرام کو بذریعہ ایس ایم ایس اطلاع کر دی جائے گی، پاکستانی حجاج کو رقوم کی واپسی کیلئے طریقہ کار کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close