پاکستانی قوم آپکو سلام پیش کرتی ہے، آپ اسلام کے بہادر سپاہی ہیں

اسلام آباد(پی این آئی) قومی اسمبلی نے نصابی اور درسی کتب و دیگر دستاویزات میں نبی کریمﷺ کے نام مبارک کے ساتھ خاتم النبیین لکھنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ پیر کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر خطاب کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن نورالحسن تنویر نے ایک قرارداد کا مسودہ وزیرمملکت علی محمد

خان کے حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جہاں جہاں نبی آخرالزمان کا نام آتا ہے اس کے ساتھ خاتم النبیین کا لفظ لازمی لکھا جائے۔وزیر مملکت علی محمد خان نے ایوان میں بتایا کہ بیشتر جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز موجود ہیں اس لئے وہ معزز رکن کے نکتہ کو قرارداد کی صورت میں پیش کرنا چاہتا ہوں۔ وزیرمملکت علی محمد خان نے متفقہ قرارداد ایوان میں پیش کی جس میں کہا گیا کہ تمام درسی کتابوں اور تعلیمی اداروں میں جہاں جہاں محمد صلی اللہ و علیہ وآلہ وسلم کا نام مبارک آتا ہے اس کے ساتھ لفظ خاتم النبیین لکھنا، پڑھنا اور بولنا لازمی ہوگا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے امجد علی خان نے کہا کہ آخری خطبہ میں نبی پاک ﷺنے واضح کردیا تھا کہ ان کے بعد کوئی نبی نہیں آئے گا اور وہ آخری نبی ﷺہیں۔ ایوان نے قرارداد اتفاق رائے سے منظور کرلی۔سوشل میڈیا پر اس نیک کام پر پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان کو خوب سراہا جا رہا ہے ۔ایک صارف نے کہا کہ ہم اسلامی قوانین کے نفاذ کے سلسلے میں آپ کی کوششوں کو سراہتے ہیں۔ایک صارف علی محمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صرف آپ ہی وہ انسان ہیں جو یہ کام کر سکتے تھے۔ایک صارف نے کہا کہ آپ نے جو تاریخی کام کیا ہے اس پر پورا پاکستان فخر کرتا ہے۔ایک صارف نے کہا کہ آپ کے اس کام کا اجر اللہ آپکو آخرت میں دے گا۔ایک صارف نے کہا کہ پاکستانی قوم آپکو سلام پیش کرتی ہے، آپ اسلام کے بہادر سپاہی ہیں۔۔اس کے علاوہ بھی درجنوں صارفین نے علی محمد خان کو یہ قرارداد منظور کروانے پر سراہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close