کارکردگی دکھائو ورنہ گھر جائو، وزیراعظم عمران خان نے وزرا کو الٹی میٹم دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں وزراء کو 6 ماہ میں کارکردگی بہتر بنانے کا الٹی میٹم دے دیا، وزیراعظم نے کہا کہ وزراء کے پاس کارکردگی بہتر بنانے کیلئے 6 ماہ کا وقت ہے، تمام مشیران اور معاونین خصوصی سے دوہری شہریت کی تفصیلات بھی کابینہ ڈویژن میں جمع کرائیں۔ ذرائع کا

کہنا ہے کہ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے مشیران اور معاونین خصوصی سے دوہری شہریت کی تفصیلات مانگ لیں۔انہوں نے کہا کہ معاونین اور مشیران اپنی شہریت کی تفصیلات کابینہ ڈویژن میں جمع کرائیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ اجلاس میں بلوچستان کے معاملے پر بھی بات کی۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ پی ایس ڈی پی ہے جس پر مکمل عملدرآمد نہیں ہوا۔بلوچستان می ترقیاتی منصوبوں کو ترجیح دینگے۔ اسی طرح کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر فواد چودھری کے غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو کا معاملہ بھی پہنچ چکا ہے۔جس پر وزیراعظم نے تمام وزراء کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ کوئی متنازعہ بیان نہ دیا جائے۔ فواد چودھری نے اجلاس میں وضاحت پیش کی ہے کہ میرے بیان کو سیاق اسباق سے ہٹ کر چلایا گیا ہے۔ میں نے ماضی میں ہونے والے واقعات پر نظر ڈالی تھی،حکومت سے متعلق کوئی بیان دینا ، یا حکومت کو متنازع بنانا میرا ارادہ نہیں تھا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا بھی غصے میں آگئے۔انہوں نے کہا وزراء کام نہیں کرتے جبکہ سارا ملبہ وزیراعظم پر ڈالا جاتا ہے۔ اجلاس میں ماحول گرم ہونے سے وزیراعظم کو فیصل واوڈا کو الگ کمرے میں لے جانا پڑا، وزیراعظم نے ان کو کہا آپ ذرا ریلیکس ہوجائیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اسدعمر اور شاہ محمود قریشی نے کابینہ اجلاس میں فواد چودھری کے انٹرویو پر بھرپور احتجاج کیا۔ جس پر فیصل واوڈا ان دونوں پر برس پڑے کہ آپ دونوں تو وزیر اعظم بننا چاہتے ہیں اس میں کیا شک ہے؟ واضح رہے آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور قومی سلامتی کے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔لداخ تنازع پر چین اور بھارت کے درمیان کشیدگی پر بھی بات چیت کی گئی۔ اجلاس میں سات نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ای سی سی کے17جون کے فیصلوں کی توثیق کی جبکہ توانائی کمیٹی کے 4 جون کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ اجلاس میں کابینہ نے چمبہ ہاوس لاہور اور قصر ناز کراچی کو لیز پر دینے کی منظوری دے دی ہے۔ پاکستان میں سیٹلائٹ سروس کی پالیسی کی تیاری کے معاملے کی بھی منظوری دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں