دُبئی(پی این آئی) ایمرٹس ائیرلائن نے پاکستان کیلئے اپنی پروازیں معطل کر دیں، اماراتی ائیرلائن نے کورونا وبا کے پھلاؤ پر قابو پانے کیلئے پاکستان کیلئے فضائی سفر تاحکم ثانی معطل کردیا ہے۔ ایک صارف نے ٹویٹر پر اماراتی ائیرلائن سے سوال کیا کہ کیا ائیرلائن نے 23جون سے 3جولائی تک پاکستان کیلئے فضائی
آپریشن معطل کردیا ہے تو اس پر فضائی کمپنی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ائیرلائن نے کورونا وبا کے پھلاؤ پر قابو پانے کیلئے پاکستان کیلئے فضائی سفر تاحکم ثانی معطل کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ حالات کا باغور جائزہ لے رہے ہیں اور جیسے ہی حالات اجازت دیں گے تو فضائی آپریشن بحال کردیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان سے امارات جانے والے 26 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد لیا گیا ہے. اماراتی حکومت کی اجازت ملنے تک دونوں ممالک کے درمیان ایمرٹس کی پروازیں معطل رہیں گی۔ائیرلائن نے مزید کہا ہے کہ جیسے ہی سروس بحال ہوگی تو اسکا اعلان کردیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ جن افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی وہ پاکستان سے متحدہ عرب امارات اور وہاں سے ہانگ کانگ گئے تھے۔ تمام افراد میں وائرس کی تشخیص ہانگ کانگ میں ہوئی جہاں انہیں ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں اس وقت ہزاروں پاکستانی موجود ہیں جو کہ اپنے ملک واپس آنا چاہتے ہیں۔کئی پاکستانی ایسے ہیں جو روزگار نہ ہونے کے باعث مشکل حالات کا شکار ہیں جبکہ باقی لوگ بھی کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والے مشکل حالات میں اپنے پیاروں کے پاس لوٹنا چاہتے ہیں۔ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ بہت جلد زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا اور اس کیلئے فضائی آپریشن کو وسیع بھی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اب پاکستان سے جانے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد پاکستان کیلئے فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا ہے جس سے ہزاروں پاکستانی پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹکٹس بک کروا رکھی تھیں لیکن اب وہ دوبارہ سفر نہیں کر سکیں گے جو کہ ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں