اسلام آباد(پی این آئی) امریکی ڈیجیٹل بینک اور پاکستانی نجی کمپنی میں تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے بعد پاکستانی شہری امریکی بینک میں اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی نجی کمپنی نے امریکی ڈیجیٹل بینک مرکری کے ساتھ اہم معاہدہ کرلیا ہے جس کے تحت پاکستانی شہری امریکی بینک میں اپنا
اکاؤنٹ کھلوا سکیں گے۔درخواست گزار کے قواعد کی تصدیق پاکستانی کمپنی کرے گی۔اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے تاجر برادری کو بڑی سہولت حاصل ہوگی۔بینک کے ذریعے پے پال سروس بھی استعمال کی جا سکے گی۔پاکستان میں پے پال سروس کے نا ہونے سے رقم وصولی میں مشکلات تھیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ امریکی بینک کی شراکت داری سے ڈیجیٹل منی ٹرانسفر کا بڑا مسئلہ حل ہوجائے گا۔واضح رہے کہ آن لائن ادائیگیوں کا نظام چلانے والی بین الاقوامی کمپنی پے پال نے پاکستان آنے کی حکومتی درخواست مسترد کر دی تھی۔۔ 22 نومبر 2019ء کو ، اس حوالے سے کمپنی نے حتمی طور پر حکومت کو بتا یا تھا کہ وہ مستقبل قریب میں پاکستان میں اپنی سروسز نہیں لا رہی۔ اعلیٰ حکومتی حکام نے بتایا کہ گذشتہ ماہ پاکستان کی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا ایک وفد کمپنی کے ذمہ داروں سے مذاکرات کرنے امریکہ گیا تھا تاکہ کمپنی کو قائل کیا جا سکے کہ وہ اپنی خدمات پاکستان میں فراہم کرے۔تاہم مذاکرات میں امریکی کمپنی نے حتمی طور پر وفد کو بتایا کہ اس کے تین سالہ روڈ میپ میں پاکستان کا ذکر نہیں ہے کیونکہ ملک میں کاروباری مواقع ناکافی ہیں۔حالانکہ پاکستانی وفد نے پے پال حکام کو سٹیٹ بینک اور دیگر اداروں کی طرف سے مالی معاملات کی شفافیت اور سکیورٹی سے متعلق کیے گئے اقدامات سے آگاہ کر کے انہیں پاکستان میں مکمل سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں