اناللہ وانا الیہ راجعون! ممتاز عالم دین علامہ طالب حسین جوہری کا انتقال ہو گیا

کراچی (پی این آئی) ممتاز عالم دین مفسر قرآن علامہ طالب حسین جوہری انتقال کر گئے۔ معروف عالم دین علامہ طالب حسین جوہری کا انتقال کراچی میں طویل علالت کے بعد ہوا۔ تفصیلات کے مطابق معروف عالم دین اور مفسر قرآن علامہ طالب حسین جوہری طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔ میڈیا

رپورٹس کے مطابق اہل خانہ کی جانب سے اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ علامہ طالب حسین جوہری اس جہان فانی سے رخصت ہو گئے ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق علامہ طالب حسین جوہری کئی روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔ اہل خانہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہیں نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔ میڈیا رپورٹس میں اہل خانہ کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ علامہ طالب جوہری کی نماز جنازہ صبح بعد از نماز ظہر امروہ گراؤنڈ انچولی میں ادا کی جائے گی۔علامہ طالب حسین جوہری 27 اگست 1939ء کو پیدا ہوئے۔علامہ طالب جوہری کے والد کا نام علامہ مصطفیٰ خاں جوہر تھا جو کہ ایک مشہور و معروف عالم دین تھے، چنانچہ علم و دانش اور آگہی کا سفر اپنے گھر سے شروع ہو گیا تھا۔ ملک بھر میں علامہ طالب حسین جوہری کو کئی برسوں سے علماء میں مرکزی حیثیت حاصل تھی۔ مرحوم علامہ طالب حسین جوہری فن تقریر میں اپنی مثال آپ تھے، وہ تقریر کے فن میں صاحب اسلوب تھے۔اگرچہ ان کی وجہ شہرت ایک بہترین مقرر ہونا ہے تاہم اس کے علاوہ بھی علامہ طالب جوہری کئی اور خصوصیات کے مالک بھی تھے۔ علامہ طالب جوہری ایک بہترین مقرر ہونے کے ساتھ ساتھ کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ انہوں نے قرآنِ پاک کی تفسیر لکھی اور اپنے مخصوص انداز میں شاعری بھی کی، ذرائع کے مطابق اب تک علامہ طالب جوہری کی شاعری کے 3 مجموعے شائع ہو چکے ہیں۔ علامہ طالب جوہری کی وجہ شہرت کراچی کی نشتر پارک میں پڑھی جانے والی شام غریبا تھی جس میں مسلمانوں کے تمام مسالک کے لوگ شامل تھے۔ یہ وہ مجلس تھی جس کے بعد ان کی شہرت پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھیل گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں