کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح ، پاکستان پہلے تین ممالک میں شامل ہو گیا،تشویشناک انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل، وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس کی بڑھتی ہوئی شرح کے حوالے سے پہلے تین ممالک میں شامل ہوگیا ہے اور اگر مؤثر

احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو جولائی کے آخری دو ہفتے مہلک ثابت ہو سکتے ہیں۔انہوں نے یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور کی زیر صدارت اجلاس میں کہی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ، مشیر صحت، پارلیمانی سیکرٹری اور صوبائی حکومتی ارکان نے شرکت کی جس میں کورونا سے محفوظ عیدالاضحیٰ کے لیے ضوابط کی تیاری سے متعلق علماء و مشائخ کے ساتھ مشاورت کی گئی۔ خیال رہے کہ اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 4ہزار951 نئے کیسز سامنے آبے کے بعد ملک میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1لاکھ 76ہزار 617 ہوچکی ہے جن میں سے 3501مریض جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 111مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ملک میں اب تک 67ہزار892 صحتیاب ہوچکے ہیں جس کے بعد ایکٹو کیسز کی تعداد 1لاکھ 5ہزار224 ہوگئی ہے۔ سندھ میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 67 ہزار 353، پنجاب میں 65 ہزار 739، خیبرپختونخوا میں 21 ہزار 444، بلوچستان میں 9 ہزار 328، اسلام آباد میں 10 ہزار 662، آزادکشمیر میں 813 اور گلگت بلتستان میں ایک ہزار 278 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں ایک ہزار 407 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نےتنبیہ کی ہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا ایک نئے خطرناک مرحلے سے گزر رہی ہے۔ ایک ورچوئل نیوز کانفرنس میں ڈبلیو ایچ او کے چیف ٹیڈروس ایدھینوم نے کہا کہ وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، کورونا وائرس کے مریضوں کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر رکن ملکوں کو انتہائی چوکنا ر ہنا ہوگا۔

close