اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان میں ہر گھنٹے میں 5کورونا مریض جان کی بازی کر رہے ہیں، ملک میں کورونا سے اموات کی شرح دو فیصد ہے، ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے اپنے ٹویٹر پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں ہر گھنٹے میں 5 کورونا مریض جاں بحق ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا ہے کہ پاکستان میں
کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح 2 فیصد ہے جبکہ دنیا میں وائرس کی وجہ سے اموات کی شرح 5فیصد ہے۔دوسری جانب حکومتی ٹاسک فورس کے چیئرمین ڈاکٹر عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کورونا مریضوں اور اموات کی تعداد کم بتا رہا ہے۔حقیقی تعداد بتائی جانے والی تعداد سے دو سے تین گنا زیادہ ہے۔بلوم برگ سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کم ٹیسٹنگ اور نظام تنفس کے علاوہ جسم کے دیگر اعضاء کے فیل ہونے سے ہونے والی اموات کا شمار نہ کرنے کے باعث مریضوں اور اموات کی تعداد کم ہے۔ملک میں مئی کے دوسرے ہفتے سے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد مریضوں اور اموات کی تعداد تیزی سے بڑی اور اب پھر کئی علاقوں میں لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے۔عالمی سطح پر کورونا کے باعث اموات کی شرح 5 فیصد جبکہ پاکستان میں 2 فیصد ہے۔ڈاکٹر عطاء الرحمان نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیسٹنگ بہت کم ہے جبکہ رینڈم ٹیسٹنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکومتی اعداد و شمار صرف ان افراد کے ٹیسٹ پر مبنی ہے جن کی علامات ظاہر ہوئیں۔پاکستان میں کورونا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی اوسط عمر 60 سال بتائی گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 74 فیصد افراد کی عمر 50 سال سے زائد ہے جبکہ کورونا سے جاں بحق 73 فیصد افراد پہلے سے مختلف دائمی بیماریوں کا شکار تھے۔ پاکستان میں اموات کی شرح کی بات کی جائے تو پاکستان میں اموات کی شرح 1.93 فیصد ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ شرح 5.37 فیصد ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں