مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند، پاکستان کا واحد ضلع جہاں دس دن کیلئے سخت لاک ڈائون نافذ کر دیا گیا

لاڑکانہ (پی این آئی) ملک کا واحد ضلع جہاں اگلے 10 روز کیلئے مکمل لاک ڈاون نافذ کر دیا گیا، سندھ کے شہر لاڑکانہ میں ضلعی انتظامیہ نے سخت لاک ڈاون کے تحت مارکیٹیں اور کاروباری مراکز بند کروا دیے، صرف کریانہ اور میڈیکل اسٹورز کھولنے کی اجازت ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں کرونا وائرس

پھیلاو کے باعث کئی شہروں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔جبکہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ میں مکمل لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ لاڑکانہ میں کرونا وائرس کے تیزی سے پھیلاو کے بعد صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے شہر میں مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لاڑکانہ شہر میں اگلے 10 دن کیلئے مکمل لاک ڈاون نافذ کر کے لوگوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے۔شہر کی تمام مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کو بند کر دیا گیا ہے۔شہر میں صرف کریانہ اور میڈیکل اسٹور کو کھلنے کی اجازت ہوگی۔ کریانہ اور میڈیکل اسٹور شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس دوران لوگوں کو صرف انتہائی ضرورت کے تحت گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی۔ دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ ملک کے 20 خطرناک شہروں کی نشاندہی کر کے وہاں سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شامل ہیں۔ جبکہ واضح رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 1 لاکھ 65 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جبکہ اموات کی کل تعداد 3 ہزار 200 سے زائد ہے۔ صوبہ پنجاب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جہاں کرونا کیسز کی تعداد 60 ہزار سے زائد اور کل اموات کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close