کراچی لیاقت آباد میں سرکاری احساس پروگرام میں بم حملہ، ایک شخص جاں بحق 6 زخمی ہو گئے

کراچی (پی این آئی)کراچی لیاقت آباد میں سرکاری احساس پروگرام میں بم حملہ، ایک شخص جاں بحق 6 زخمی ہو گئے، کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں کورونا لاک ڈاؤن متاثرین کو رقوم دینے کے سرکاری احساس پروگرام میں بم حملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ایس ایس پی

سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق لیاقت آباد نمبر 10 میں واقع ریاض گرلز کالج میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری وفاقی حکومت کے احساس پروگرام میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے مستحقین کو رقوم دی جا رہی تھیں کہ آج صبح 11 بج کر 40 منٹ پر نامعلوم ملزمان فلائی اوور کے اوپر سے گرلز کالج کے گیٹ پر دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکا ہوا اور وہاں موجود افراد زخمی ہوگئے۔اسسٹنٹ پولیس سرجن عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر محمد سلیم کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں 26 سالہ محمد سلیم، 40 سالہ روشن علی، 29 سالہ ذیشان، 28 سالہ فیضان منظور، 50 سالہ نارائین کان جی اور 50 سالہ صابر حشمت شامل ہیں جنہیں عباسی شہید اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 25 سالہ کاشف کے نام سے ہوئی ہے جو ناظم آباد کا رہائشی تھا۔ایس ایس پی عارف اسلم راؤ کے مطابق جہاں بم حملہ کیا گیا اس مقام پر احساس پروگرام کا کیمپ ہے جبکہ کالج کے گیٹ کے آس پاس رینجرز اور پولیس کی موبائلیں ڈیوٹی سر انجام دیتی ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی جائے وقوع کا دورہ کرکے شواہد جمع کیے، واقعے کی چھان بین کی جا رہی ہے۔احساس پروگرام میں امدادی رقم لینے کے لیے آنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ میں بیٹے کے ساتھ احساس پروگرام کی لائن میں کھڑی تھی کہ اچانک دھماکا ہوا اورمیرا بیٹا اس میں زخمی ہوا، میرے زخمی بیٹے کو کہاں لے گئے یہ معلوم نہیں ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close