اسلام آباد(پی این آئی):سرکاری سکولوں سے متعلق بڑا فیصلہ،فواد چوہدری نے زبردست اعلان کر دیا، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چھٹی سے میٹرک تک 453 منتخب سرکاری اسکولوں کو سائنس اسکول بنائیں گے۔تفصیلات کے مطابق وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور وزارتِ تعلیم نے مل کر
سرکاری اسکولوں کو جدید سائنسی و ٹیکنالوجی اسکولوں میں بدلنے کا منصوبہ پیش کر دیا ہے۔اس سلسلے میں گزشتہ روز وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ساتھ زوم کے ذریعے ایک میٹنگ کی، مراد راس کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے ڈپارٹمنٹ نے STEM (سائنس، ٹیکنالوجی، انجنیئرنگ اور میتھ میٹکس) سے متعلق شان دار قدم اٹھایا ہے۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے 2019 میں STEM پر عمل درآمد شروع کیا تھا، STEM کے سلسلے میں اب 17 اضلاع میں 1 ہزار آئی ٹی لیب اور 1 ہزار سائنس لیب زیر تعمیر ہیں۔آج وفاقی وزیر فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ STEM اسکول منصوبے میں تمام صوبوں اور اکائیوں کی طرف سے حصہ دار بننے کا فیصلہ سرکاری اسکولوں کو پرائیویٹ سسٹمز کے برابر لے آئے گا۔ان کا کہنا تھا پہلے مرحلے میں چھٹی سے میٹرک تک کے 453 منتخب سرکاری اسکولوں کو سائنس اسکول بنائیں گے اور 5 سالوں میں پروگرام کا دائرہ کار اکثریتی اسکولوں تک لے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں