کورونا کو روکو، کراچی کے تمام اضلاع کی 43یونین کونسلز میں 2جولائی تک سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری

کراچی(پی این آئی)کورونا کو روکو، کراچی کے تمام اضلاع کی 43 یونین کونسلز میں 2 جولائی تک سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ، نوٹیفکیشن جاری، کورونا کیسز کی روک تھام کے لیے کراچی کے تمام اضلاع کی 43 یونین کونسلز میں سخت لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کورونا سے بچاؤ کی نئی حکمت عملی کے تحت

محکمہ صحت، سندھ حکومت اور ڈپٹی کمشنرز نے کورونا ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کر کے کمشنر کراچی کو رپورٹ پیش کی تھی جس پر ان تمام علاقوں کو 15 روز کے لیے سیل کرنے کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔کراچی کے مختلف علاقوں میں 2 جولائی تک لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق آج شام سے ہو گا۔لاک ڈاؤن والے علاقوں میں آنے اور جانے والوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا، لاک ڈاون کے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ڈبل سواری کی پابندی ہو گی۔ان علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی تاہم اشیا خورو نوش اور میڈیکل اسٹورز شام 7 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔نوٹی فکیشن کےمطابق لاک ڈاؤن والے علاقے میں گھر سے ایک فرد کو سامان کی خریداری کی اجازت ہوگی اورگھر سے نکلنے کی وجہ بتانا ہوگی، متاثرہ علاقوں میں دوسرے اضلاع کے رہائشیوں کا داخلہ ممنوع ہوگا۔اعلامیے کے مطابق ان علاقوں میں ہوم ڈلیوری کی اجازت نہیں ہو گی جب کہ گھروں پر تقاریب بھی منعقد نہیں کی جاسکیں گی، اور خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق متاثرہ علاقوں میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا اقدام حکومت کرے گی، موبائل ڈسپنسری اور موبائل یوٹیلٹی اسٹور کا اقدام بھی حکومت ہی کرے گی۔جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں کورنگی، جنوبی، شرقی، غربی، سینٹرل اور ملیر کے مختلف علاقے شامل ہیں۔کراچی کے ضلع شرقی، غربی اور ضلع کورنگی کی 43 یونین کونسلز شامل ہیں، تمام علاقوں کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مدد سے سیل کیا جائے گا۔ضلع غربی میں 13 یونین کونسلز میں اسمارٹ لاک ڈاون کیا جائے گا، ضلع شرقی میں 16 یونین کونسلز میں لاک ڈاون کیا جائے گا۔محمد علی سوسائٹی، بہادر آباد، عیسیٰ نگری، میں اسمارٹ لاک ڈاون کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ گلشن اقبال، صفورا گوٹھ،عسکری فور، گلستان جوہر بلاک 13، پی ای سی ایچ ایس بلاک دو اور چھ شامل بلتی محلہ، مارٹن کوارٹرز، فاطمہ جناح کالونی بھی ضلع شرقی میں شامل ہیں، تین ہٹی، جہانگیر روڈ ایک اور دو نمبر، سولجر بازار اور نمائش بھی سیل ہونے والے علاقوں میں شامل ہیں۔ضلع کورنگی کی 14 یونین کونسلز میں پابندی عائد کی جائے گی، ناتھا خان گوٹھ، کھوکھراپار، بھٹائی کالونی، زمان ٹاون، چکراگوٹھ کورنگی، لانڈھی، ملیر اور شاہ فیصل کالونی میں لاک ڈاون کیا جائے گا۔ دیگر علاقوں میں ناصر کالونی، عوامی کالونی، ماڈل کالونی، الفلاح، ڈرگ روڈ اور ایئرپورٹ شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close