اسلام آباد (پی این آئی)امریکی بلاگر خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ، عدالت پولیس پر برہم ہو گئی،اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر سماعت ہوئی۔سیشن کورٹ اسلام آباد میں سنتھیا ڈی رچی پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن
جج عبدالغفور نے سماعت کی۔پولیس کی جانب سے تفصیلی جواب جمع نہ کرانے پر عدالت نے اظہارِ برہمی کرتے ہوئے تھانہ بنی گالہ پولیس کو آج ہی تفصیلی جواب جمع کرانے کا حکم دیا۔درخواست گزار کے وکیل نے اس موقع پر عدالت میں موقف اختیار کیا کہ پولیس جان بوجھ کر تفصیلی جواب جمع نہیں کرا رہی۔عدالت نے پولیس کا تفصیلی جواب آنے تک سماعت میں وقفہ کر دیا۔واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے کارکن وقاص عباسی نے سینتھیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔اس سے قبل اسلام آباد ہی کی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی ایڈووکیٹ کی جانب سے مقدمہ اندراج کی درخواست دائر پر فیصلہ سناتے ہوئے سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں