اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کورونا بیماری کے علاج کی ادویات سستی کرنے کا حکم دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے بہترین سہولیات فراہم کی جائیں، ادویات مقامی طور تیار کرنے کے لائسنسز جاری کیے جائیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ ادویات بنائی جاسکیں۔ میڈیا رپورٹس کے
مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں سمیت 5 نکاتی ایجنڈے کی بھی منظوری دی۔ وزیر اعظم نے21 ویں صدی کی سواری پاکستان میں جلد لانے کی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران ہی الیکٹرک وہیکل پالیسی کو بجٹ کا حصہ بنایا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ادویات مقامی طور تیار کرنے کے لائسنسز جاری کرنے کا حکم دیا کہ ادویات بنانے کے زیادہ سے زیادہ لائسنسز جاری کیے جائیں تاکہ لوگ ادویات بناسکیں۔وزیراعظم عمران خان نے کورونا بیماری میں استعمال ہونے والی ادویات سستی کرنے کا بھی حکم دیا۔ اسی طرح اجلاس میں انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا معاملہ زیر بحث آیا۔ معاون خصوصی ذلفی بخاری نے وزیراعظم سے انٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ کیا۔جس پر وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں اٹرنیشنل فلائٹس مرحلہ وار بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ابتدائی طورپر عرب ممالک کیلئے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خلیجی ممالک سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلا مرحلہ شروع ہوگا۔ سب سے پہلے بےروزگار ہونیوالے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائےگا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اورسیز پاکستانی ہمارے دل کے قریب ہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کورونا وباء کے باعث لاکھوں پاکستانی روزگار سے محروم ہوئے جس کا دکھ ہے۔ ہمیں اورسیزپاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت پاکستان اپنے ہم وطن بہن بھائیوں کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہے۔ اسی طرح حکومت پاکستان نے متحدہ عرب امارات سے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے 26 پروازیں چلانے کا اعلان بھی کیا ہے۔ یہ پروازیں 16جون سے 20 جون تک چلائی جائیں گی۔ پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے مزید پروازیں چلانے کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 2 مہینوں میں متحدہ عرب امارات سے 20ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جا چکا ہے۔ متحدہ عرب امارات میں ابھی بھی 60ہزار پاکستانی واپسی کے متمنی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں