لاہور (پی این آئی) کرونا وائرس کا مزید پھیلاو روکنے کیلئے تقریباً آدھا لاہور سیل کر دیا گیا، پنجاب کے دارالحکومت کے خطرناک قرار دیے گئے علاقوں میں جوہر ٹاون، واپڈا ٹاون، ڈیفنس، عسکری، اندرون شہر سمیت دیگر کئی علاقے شامل۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت
لاہور کے خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کو منگل کی رات سے سیل کر دیا جائے گا۔ان علاقوں میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاون نافذ کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان علاقوں میں لوگوں کو غیر ضروری نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ لوگ صرف ادویات کے حصول کیلئے گھروں سے باہر نکل سکیں گے۔ سیل کیے گئے علاقوں سے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، نہ ہی کسی دوسرے علاقے کے کسی شخص کو سیل کیے گئے علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق تقریباً آدھا لاہور سیل کر دیا جائے گا۔ شہر لاہور کے جن علاقوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان میں رام نگر، بلال پارک، قلعہ گجر سنگھ کی عبدالکریم روڈ، عثمانیہ کالونی اور رائل پارک، کریم پارک کے بلاک نمبر 2، 3، 4 اور امین پارک کی گلی نمبر 1 ، تاجپورہ کی گلی نمبر 4 اور نظام آباد ای بلاک کی گلی نمبر 1 ، تاجپورہ شاہ عالم کالونی کی گلی نمبر 2، علی محمد پارک کی گلی 3 ، وہر ٹاؤن کے بلاک بی، ایف 2، جے 2 اور بلاک جی 3، کنال ویو سوسائٹی کے بلاک بی، واپڈا ٹاؤن کے بلاک ایف 2، گلبرگ اے کا بلاک 3، بندو خان سویٹس تا مسجد طلحہ، گلبرگ اے میں ہی ندیم تکہ تا طارق کباڑیا تک کے علاقے، گلبرگ بلاک بی 1، بلاک بی 2 اور بلاک بی 3 ، شاد باغ کی گلی نمبر 2، بیگم کوٹ شمع کالونی کی گلی 4 ، ارہ دری معصوم شاہ روڈ کی گلی نمبر 2 ، ڈی ایچ اے فیز 1 اور فیز 5 کے تمام سیکٹرز ، عسکری 10 ، کیولری گراؤنڈ کا شیراز ولاز، گلستان کالونی کی گلی نمبر 26,15,13,11,9,8,5 اور 27 ، جنرل ہسپتال کے پیچھے قائد ملت کالونی کچا جیل روڈ، غوثیہ کالونی، الحمد کالونی اور طارق کالونی ، سراج پورہ اور بلال کالونی، جلو موڑ دھوبی محلہ اور باٹا پور کا علاقہ، بسم اللہ ہاؤسنگ سکیم جی ٹی روڈ، مناواں کا بلاک اے اور بلاک بی ، سین پورہ کوٹھی سٹاپ بالمقابل بسم اللہ ہاؤسنگ سکیم ، ایک مینار والی مسجد نزد لاثانی فارمیسی مناواں شامل ہیں۔جبکہ واضح رہے کہ لاہور کے علاوہ پنجاب کے مزید 6 شہروں کے خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان شہروں میں گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرات، سیالکوٹ اور ملتان شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں