کورونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا، پنجاب کے مزید6اہم شہروں کے علاقوں کومکمل لاک ڈائون کرنے کا فیصلہ

لاہور (پی این آئی)کورونا وائرس پر قابو نہ پایا جا سکا، پنجاب کے مزید6اہم شہروں کے علاقوں کومکمل لاک ڈائون کرنے کا فیصلہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرات، سیالکوٹ اور ملتان کے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر کے لوگوں کی نقل و حرکت محدود کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبائی

دارالحکومت لاہور کے علاوہ صوبے کے دیگر شہروں میں کرونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں کو بھی سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی زیر صدارت منگل کے روز اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا ہے کہ لاہور کے علاوہ صوبے کے 6 مزید شہروں میں سمارٹ لاک ڈاون نافذ کیا جائے ۔ بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، گجرات، سیالکوٹ اور ملتان کے کرونا ہاٹ اسپاٹ علاقوں کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔ان تمام شہروں کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ کرونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو سیل کر دیا جائے۔اس سے قبل گزشتہ روز اعلان کیا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت لاہور کے 80 خطرناک قرار دیے گئے علاقوں کو منگل کی رات سے سیل کر دیا جائے گا۔ ان علاقوں میں 2 ہفتے کیلئے لاک ڈاون نافذ کیا جائے گا۔ جن علاقوں میں لاک ڈاون نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان علاقوں میں لوگوں کو غیر ضروری نقل و حرکت کی اجازت نہیں ہوگی۔ لوگ صرف ادویات کے حصول کیلئے گھروں سے باہر نکل سکیں گے۔سیل کیے گئے علاقوں سے کسی کو باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی، نہ ہی کسی دوسرے علاقے کے کسی شخص کو سیل کیے گئے علاقوں کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ پنجاب کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکی صوبہ ہے، جہاں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 55 ہزار سے زائد، جبکہ اموات کی تعداد 1 ہزار سے زائد ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں