کوئٹہ(پی این آئی)بلوچستان حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں 30 جون تک توسیع کردی، ماسک کا استعمال اور سماجی فاصلہ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک
کھلے رہیں گے، پبلک ٹرانسپورٹ، سرکاری دفاتر و دیگر شعبے اسمارٹ لاک ڈاؤن کے سابقہ فیصلوں کے مطابق فعال رہیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بروز جمعہ مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ اشیائے خور و نوش، میڈیکل اسٹورز، بلڈ بینک، تندور اور ہوٹل ٹیک اوے سروس 24 گھنٹے پورا ہفتہ کھلے رہیں گے۔حکومتی اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے تحت مذہبی، سیاسی و دیگر اجتماعات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی، عوامی مقامات، دفاتر اور دکانوں پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔بلوچستان میں تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے، تفریحی مقامات، سنیما گھر، کھیلوں کے میدان، شادی ہال اور جمز پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔بلوچستان میں کرونا وائرس کے 8 ہزار 327 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، مریضوں میں 70 فیصد یعنی 6 ہزار 640 کا تعلق کوئٹہ سے ہے۔حکام کے مطابق کوئٹہ شہر کے مختلف علاقے کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہیں، پشتون آباد، سریاب روڈ، علمدار روڈ اور ہزارہ ٹاؤن سب سے زیادہ متاثر ہیں، نواں کلی، مغربی بائی پاس اور بروری روڈ بھی کرونا سے متاثرہ علاقوں مین شامل ہیں۔ترجمان بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ لاک ڈاؤن پر غور کیلئے آئندہ چند روز میں اجلاس متوقع ہے، جس میں مخصوص علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا جائے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں