اسلام آباد(پی این آئی)لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پیٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کرلیا ہے، کابینہ ارکان نے ندیم بابر کی دلیل مسترد کر دی۔وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر کا کہنا ہے کہ لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کرلیا ہے۔وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے
والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزراء نے پیٹرول بحران پر تحفظات کا اظہار کیا جب کہ معاون خصوصی ندیم بابر وزیراعظم اورکابینہ ارکان کے تحفظات دورکرنے میں ناکام رہے۔ذرائع کے مطابق ندیم بابر کا کہنا تھا کہ ملک میں پیٹرول کے حوالے سے چھوٹی سطح کی 10 ہزار ایجنسیاں موجود ہیں، لوگوں نے گھروں یا غیرقانونی پیٹرول پمپس پر پیٹرول ذخیرہ کرلیا ہے۔وفاقی کابینہ کے ارکان نے پیٹرول کی قلت کے بارے میں ندیم بابر کا مؤقف مسترد کردیا، کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ اتنےبڑے پیمانے پرپیٹرول کی قلت چھوٹی سطح پر ذخیرہ اندوزی سے نہیں ہوسکتی۔ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ تین دن میں پیٹرول کا بحران ختم نہیں ہوسکا تو اب نیا مؤقف سامنے لے آئے ہیں۔کابینہ اجلاس میں وزیراعظم نے کورونا کی وبائی صورت حال کو بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کوروناریلیف ٹائیگر فورس کو ملک بھر میں متحرک کرنےکاحکم دیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے ہرشہر اورگلی محلے میں ٹائیگر فورس کی خدمات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ انتظامیہ کی مددکے لیے ٹائیگر فورس کو یونین کونسل سطح پر متحرک کیا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں