کورونا وائرس کو پھیلنے سے کیسے روکا جا سکتا ہے؟وزیراعظم عمران خان نے عوام کو مشورہ دیدیا

اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا کا پھیلاو موثر طریقے سے روکا جا سکتا ہے، اب تک کے تخمینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں لیکن عوام کا تعاون حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار رکھتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ

مقامی قیادت اپنے علاقوں میں انتظامیہ کی مدد سے ہسپتالوں میں کورونا سہولیات کا جائزہ لیں اور اپنے حلقوں کی عوام کا حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تعاون یقینی بنانے میں بھی متحرک کردارادا کریں۔وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کورونا صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیراطلاعات شبلی فرازسمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں کوروناصورتحال، آئندہ چند دنوں کے تخمینوں اور کورونا سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبوں میں کورونا مریضوں کے لیے بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا جب کہ بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کررہی ہیں جن میں روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔بریفنگ میں کہا گیا کہ ملک میں 4 ہزار 800 وینٹی لیٹرز موجود ہیں جن کی شروع میں کل تعداد 700 تھی جب کہ موجود 4 ہزار 800 وینٹی لیٹرز میں مزید 1600کا اضافہ بہت جلد ہوجائے گا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں این 95 ماسک اور وینٹی لیٹرز مقامی طورپر تیارکیے جارہے ہیں جب کہ جولائی تک صوبوں کے اسپتالوں میں 2 ہزار کووڈ بستروں کا مزید اضافہ کیا جائے گا۔بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ 20 بڑے شہروں میں کورونا متاثرین کی زیادہ تعداد والے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close