اسلام آباد(پی این آئی)صوبوں کو کورونا سے متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں، عوام کا تعاون اہم ہے، وزیر اعظم عمران خان۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حفاظتی اقدامات کی بدولت کورونا کے پھیلاؤ کو موثرطریقے سے روکا جاسکتا ہے، کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون
حکومتی کوششوں کو کامیاب بنانے میں اہم ہے، عوامی قیادت اپنے علاقوں میں اسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لے، صوبوں کو متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے لئے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔وزیرِاعظم کی زیرصدارت کورونا کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس میں کورونا کی موجودہ صورتحال، آئندہ دنوں کےتخمینوں اورصورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا، مختلف صوبوں میں کورونا مریضوں کیلئے موجود بیڈز، آکسیجن، وینٹی لیٹرز اورسہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا ہے۔وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا ٹیسٹ کرنے والی 107 لیبارٹریز کام کررہی ہیں ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر 25 ہزار ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں، ملک میں 4800 وینٹی لیٹرز موجود ہیں، شروع میں ان کی کل تعداد 700 تھی، ملک میں مزید 1600 وینٹی لیٹرز کا بہت جلد اضافہ ہوجائے گا۔بر یفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں این-95 ماسک اور وینٹی لیٹرز مقامی طور پر تیار کیے جا رہے ہیں، جولائی تک تمام صوبوں کے مختلف اسپتالوں میں 2 ہزار کورونا بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا۔وزیراعظم نے کورونا حفاظتی لباس اور پروٹیکٹو کٹس کی ضروریات پوری ہونے پر اظہار اطمینان کیا۔عمران خان نے کہا کہ آئندہ مشکل دنوں کیلئے حفاظتی اقدامات، معاشی سرگرمیوں میں توازن کیلئے اقدامات کیےجائیں۔وزیرِاعظم نےکورونا مریضوں کیلئے بعض ادویات اور انجیکشنز کی دستیابی میں مشکلات کا نوٹس بھی لیا۔انہوں نے کہا کہ چئیرمین این ڈی ایم اے مطلوبہ ادویات اور انجیکشن کی باآسانی دستیابی یقینی بنائیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں