لاہور(پی این آئی):آج رات 12 بجے سے شاہدرہ، شاد باغ، ہربرنس پورہ، گلبرگ کے کچھ علاقے نشتر ٹاؤن، علامہ اقبال ٹاؤن کی کچھ سوسائٹیز، والڈ سٹی، مزنگ کے علاقے بند، وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی روک تھام کے لیے کل رات 12 بجے سے لاہور کے کئی علاقوں کو بند کرنے کا اعلان
کردیا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے بتایا کہ کل رات 12 بجے کے بعد شاہدرہ، شاد باغ، ہربرنس پورہ کے علاقوں کو بند کررہے ہیں جب کہ گلبرگ کے کچھ علاقے نشتر ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کچھ سوسائٹیز، والڈ سٹی اور مزنگ کے علاقوں کو بھی بند کردیا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ ان علاقوں کو کم از کم 2 ہفتوں کے لیے بند کیا جائےگا تاہم اس دوران ان علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء اور فارمیسی کھلی رہیں گی جب کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقوں کو کھولنے کا فیصلہ کریں گے۔وزیر صحت کا کہنا تھا کہ لاہور کے متعدد علاقوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل نہیں ہو رہا، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں 388 اور واپڈا ٹاؤن کے علاقوں میں 200 سے زائد کیسز ہیں۔یاسمین راشد نے مزید کہا کہ لاہور کے متعدد علاقوں میں کورونا متاثرین کی تعداد بہت زیادہ ہے اور شہر دیگر علاقوں کی بھی سخت مانیٹرنگ کی جائے گی۔وزیر صحت پنجاب نے ہدایت کی کہ عوام ایس او پیز پر عمل کریں تاکہ کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکا جاسکے، صرف ماسک کے استعمال سے 50 فیصد تک وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں