جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جلد فعال ہو گا، بہاولپور، ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، عثمان بزدار کی گفتگو

لاہور،ملتان (پی این آئی)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جلد فعال ہو گا، بہاولپور، ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بجٹ میں غریب پر بوجھ نہیں ڈالا گیا، جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ جلد فنکشنل ہوگا۔پسماندہ علاقوں کی ترقی پر پورا فوکس ہے ۔ان خیالا ت

کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔کئی برس تک انہیں کھوکھلے نعروں کے ذریعے بہلایا گیا۔جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق واپس کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ملتان میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی تعینات ہوں گے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔بجٹ میں غریب اور کم وسیلہ طبقات پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ موجودہ حالات میں اس سے بہتر بجٹ پیش نہیں کیا جاسکتا۔اپوزیشن کو ٹیکس فری بجٹ پر بھی تنقید برائے تنقید زیب نہیں دیتی ۔بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے ۔اور بے بنیاد الزامات کی آڑ میں خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ۔بھارت کی جانب سے شہری آبادی پر حملے کے واقعات نہایت قابل مذمت اور بین الاقوامی قوانین کی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام خوش آئند ہے ۔ جو جنوبی پنجاب کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ملاقات میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی سیاسی صورتحال،کورونا سے نمٹنے کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی ۔علاوہ ازیں اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا کورونا جیسی وبا پر رویہ قابل مذمت اور قابل افسوس ہے ، اپوزیشن کے پاس کورونا کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن کے تحفظ کا ایجنڈا ہے ، اہم ترین قومی مسئلے پر بھی اپوزیشن رہنماؤں نے پوائنٹ سکورننگ سے گریز نہیں کیا۔بعدازاں انہوں نے سروسز ہسپتال لاہور کی میڈیکل ایمرجنسی میں آتشزدگی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر و میڈیکل ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کر لی ۔دریں اثنا تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل ہوگاجس کی صدارت وزیراعلیٰ کرینگے ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ نے ممتازسکالرڈاکٹر مظہر محمود شیرانی کے انتقال پردکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے تعزیت کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close