لاہور(پی این آئی):کرفیو کی طرح کا لاک ڈاؤن معیشت، غریب عوام کے لیے زہر قاتل ہے،فیا ض الحسن چوہان وزیر اعظم کے سمارٹ لاک ڈاؤن کے دفاع میں کھڑے ہو گئے، وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان پہلے دن سے ہی اسمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی پر زور دے رہے
ہیں۔ اسمارٹ اور ٹارگٹڈ لاک ڈاؤن ہی کرونا پھیلاؤ کو روکنے کا بہترین ذریعہ ہے۔صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں سردار عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق معاملات چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرفیو اسٹائل لاک ڈاؤن معیشت اور غریب عوام کے لیے زہرِ قاتل ہے۔ بھارت میں شدید سخت لاک ڈاؤن کے منفی اثرات ہمارے سامنے ہیں۔ بھارت میں اب تک تقریباً دس ہزار اموات اور روزانہ تقریباً بارہ ہزار نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ سخت لاک ڈاؤن کے باعث بھارت کی چونتیس فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے چلی گئی ہے جبکہ بیس فیصد عوام کے پاس دو ہفتے سے زیادہ کا راشن موجود نہیں ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ سخت لاک ڈاؤن کے باعث پاکستان سے زیادہ صحت کے بجٹ والا شہر نیو یارک دیوالیہ ہو گیا ہے۔ یہ وقت تنقید کی بجائے متحد ہوکرکرونا کو شکست دینے کا ہے۔عوام اور تاجر برادری سے گزارش ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کر کے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں