کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز۔۔تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق پنجاب حکومت کا اہم فیصلہ آگیا

لاہور(پی این آئی) پنجاب حکومت نے تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا، موجودہ حالات میں کسی بھی طرح تعلیمی ادارے نہیں کھولے جاسکتے، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ پالیسی مرتب کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت کورونا کی موجودہ

صورتحال پر خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں کورکمانڈرلاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، آئی جی پولیس شعیب دستگیر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہور ڈویژن اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وباء کی موجودہ صورتحال اور وباء کا پھیلاؤ روکنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا جا ئزہ لیا گیا۔اجلاس میں سول اور عسکری قیادت نے پنجاب میں تعلیمی ادارے نہ کھولنے کا فیصلہ کیا۔ لاہور میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور شہر میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے مینجمنٹ کی موثر پالیسی مرتب کی جائے گی۔ لاہور اور دیگر شہروں کیلئے علیحدہ علیحدہ پالیسی جلد مرتب کی جائے۔اس ضمن میں ماہرین پر مشتمل خصوصی ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ خصوصی ورکنگ گروپ لاہور شہر کیلئے علیحدہ ماڈل تیار کرے گی۔ ورکنگ گروپ کی سفارشات پر مرتب ماڈل کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اجلاس میں حتمی منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ واضح رہے پنجاب میں کورونا وائرس کی2003 نئے کیسز کے ساتھ تعداد 45463 ہو گئی۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق لاہورمیں 1168، ننکانہ11، قصور9، شیخوپورہ27، راولپنڈی81، جہلم 5، اٹک3، گوجرانوالہ36 اور سیالکوٹ میں 21، نارووال 2، گجرات13 ،حافظ آباد19، منڈی بہاؤالدین5، ملتان169، خانیوال8، وہاڑی12، فیصل آباد121، چنیوٹ54، ٹوبہ 23، جھنگ 2 اور رحیم یار خان میں 10، سرگودھا میں 35، میانوالی 2، خوشاب2، بھکر5، بہاولنگر2، بہاولپور50، لودھراں 3، ڈی جی خان10، مظفر گڑھ39، راجن پور1، لیہ 44، ساہیوال 7اورپاکپتن میں 4 کیس سامنے آئے۔ترجمان نے کہا کہ کورونا وائرس سے34 مزید اموات کے ساتھ کل تعداد 841 ہو چکی ہے۔ اب تک 317893ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں جبکہ کورونا وائرس کو شکست دینے والوں کی تعداد 9005 ہو چکی ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیرن نے مزید کہا کہ عوام حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً 1033 پر رابطہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close