عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے بعد سندھ حکومت کا دوبارہ لاک ڈاؤن پر سنجیدگی سے غور

کراچی(پی این آئی)عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے بعد سندھ حکومت کا دوبارہ لاک ڈاؤن پر سنجیدگی سے غور۔ذرائع کے مطابق کورونا کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل اضافے کی وجہ سے سندھ حکومت صوبے بھر میں دوبارہ لاک ڈاؤن پر غورکر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے عالمی ادارہ صحت

کی رپورٹ پر عمل درآمد کا عندیہ دیدیا، وزیراعلیٰ سندھ کی عالمی ادارہ صحت کی تجاویز و سفارشات پر پارٹی قیادت سے مشاورت کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کابینہ کے سینئر ارکان اور طبی ماہرین سے بھی عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔سندھ حکومت کے ذرائع نے بتایا کہ دو ہفتوں کے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں پر حتمی فیصلہ وفاقی حکومت کی مشاورت سے ہوگا۔ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے کورونا کی صورتحال پر چاروں صوبائی حکومتوں سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں وفاقی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی حالیہ صورتحال کا تقاضہ ہے کہ عالمی ادارہ صحت کی سفارشات پر عمل کیاجائے۔سندھ کابینہ ارکان کی تجویز کے مطابق سخت لاک ڈاؤن کرکے مقررہ دنوں میں بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کی جاسکتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں