پٹرول کا بحران اگلے 4 روز میں ختم کریں گے، ذخیرہ اندوزوں کو نہیں چھوڑیں گے، وزیر پٹرولیم عمر ایوب نے دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)پٹرول کا بحران اگلے 4 روز میں ختم کریں گے، ذخیرہ اندوزوں کو نہیں چھوڑیں گے، وزیر پٹرولیم عمر ایوب نے دعویٰ کر دیا۔وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہےکہ اگلے تین روز میں ملک میں پیٹرول کا بحران ختم کرلیں گے۔پشاور ہائیکورٹ کےباہرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی

وزیر پیٹرولیم عمر ایوب نے کہا کہ جو ذخیرہ اندوزی کررہا ہے اس کے خلاف کارروائی کر رہے ہیں، یہ مافیا عوام تک ثمرات پہنچنے نہیں دے رہی۔وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ ا ن مافیا کے خلاف پہلی دفعہ کارروائی ہو رہی ہے، اُمید ہے کہ اگلے تین دن میں صورت حال بہتر ہوجائے گی۔ ابھی بھی کارروائی کی جارہی ہے، پیٹرول کے ذخائر پکڑ کر ایف آئی آر درج کی گئیں ہیں۔عمر ایوب نے کہا کہ پیٹرول کی مانگ 30 فیصد زیادہ ہے۔پشاور ہائیکورٹ میں آج پیٹرول اور آٹا بحران سے متعلق نوٹس پر سماعت ہوئی ، کیس کی سماعت جسٹس قیصر رشید اور جسٹس احمد علی نےکی۔وفاقی وزیر پیٹرولیم عمر ایوب عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے اُن سے سوال کیا کہ عوام تکلیف میں ہے، بے فائدہ میٹنگز کی جا رہی ہیں، ہمیں میٹگز میں دلچسپی نہیں ہے، حکومت کیا کر رہی ہے؟جسٹس قیصر رشید نے کہا کہ پیٹرول پمپس پر ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا جا رہا، حکومت رسپانس کیوں نہیں کر رہی؟ پہلے آٹے کا مسئلہ اور اب پیٹرول کا مسئلہ ہے، عوام کو شدید مسئلہ ہے۔جسٹس قیصر رشید نےوزیر پیٹرولیم عمر ایوب سے کہا کہ ہم نے آپ کو اس لیے بلایا ہے کہ عوام کو جلدی ریلیف دیا جائے، لوگوں کے ساتھ ہمارا اُٹھنا بیٹھنا ہے، ہم عوام کو دیکھ رہے ہیں وہ تکلیف میں ہے۔عدالت کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر عمرایوب نے کہا کہ پیٹرول کمپنیوں نے مافیہ بنایا ہوا ہے۔ عمر ایوب نے عدالت کو یقین دہانی کراتےہوئے کہا کہ اگلے تین روز میں بحران ختم کرلیں گے۔عدالت نے وفاقی وزیر کو حکم دیتے ہوئے مزید کہا کہ عوام تکلیف میں ہیں جلد بحران پر قابو پایا جائے۔ ڈی جی نیب عدالت میں پیش نہ ہوسکے،عدالت نے سماعت 17 جون تک ملتوی کردی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں