پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ایک سال کے دوران گدھوں کی تعداد 54 لاکھ سے بڑھ کر 55 لاکھ ہوگئی، اقتصادی سروے کی رپورٹ

اسلام آباد(پی این آئی)اقتصادی سروے رپورٹ 20-2019 میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں ایک لاکھ کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ملک میں گدھوں کی تعداد 54 لاکھ سے بڑھ کر 55 لاکھ ہوگئی ہے۔اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق گھوڑوں، اونٹوں اور خچروں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔رپورٹ کے مطابق

گھوڑوں کی تعداد 4 لاکھ اور خچروں کی تعداد 2 لاکھ برقرار ہے۔اقتصادی سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں بھینسوں کی تعداد میں 12 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھینسوں کی تعداد 4 کروڑ سے بڑھ کر 4 کروڑ 12 لاکھ ہوگئی ہے۔اسی طرح ایک سال میں بھیڑوں کی تعداد میں 3 لاکھ کا اضافہ ہوگیا، جو 3 کروڑ 9 لاکھ سے بڑھ کر 3 کروڑ 12 لاکھ ہوگئی ہے۔اقتصادی سروے رپورٹ کے مطابق بکریوں کی تعداد میں 21 لاکھ کا اضافہ ہوا جن کی تعداد اب 7 کروڑ 82 لاکھ ہوگئی ہے، ملک میں اونٹوں کی تعداد 11 لاکھ ہے۔ایک سال میں مویشیوں کی تعداد میں 18 لاکھ کا اضافہ ہوا، مویشیوں کی تعداد 4 کروڑ 78 لاکھ سے بڑھ کر 4 کروڑ 96 لاکھ ہوگئی۔اقتصادی سروے رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک سال میں پولٹری کی تعداد میں 12 کروڑ 20 لاکھ کا اضافہ ہوا۔پولٹری کی تعداد 1 ارب 32 کروڑ 10 لاکھ سے بڑھ کر 1 ارب 44 کروڑ 30 لاکھ ہوگئی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں