اسلام آباد(پی این آئی)توشہ خانہ ریفرنس میں عدالت سے مسلسل غیر حاضری، نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے، احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں مسلسل عدم پیشی پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ آصف زرداری کو آج کی حاضری
سے استثنیٰ مل گیا۔ احتساب عدالت میں توشہ خانہ سے غیر قانونی طریقے سے گاڑیاں لینے سے متعلق نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ ریفرنس میں نامزد ملزم سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔ سابق صدر آصف زرداری کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جبکہ سابق وزیراعظم نواز شریف آج بھی عدالت پیش نہیں ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے کا مکمل ریکارڈ حاصل کرلیا، وہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں رہائش پذیر ہیں، نواز شریف کی طلبی کے لیے بیرون ملک اخبار میں اشتہار دیا جاسکتا ہے۔ عدالت نواز شریف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کرتے ہوئے ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کا حکم دے۔عدالتی استفسار پر آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری کراچی میں ہیں انہیں ذاتی حیثیت میں طلب نہ کیا جائے، آصف زرداری پیش ہوئے تو عدالت میں جگہ نہیں رہے گی، انہوں نے سابق صدر کی حاضری سے ایک دن کے استثنیٰ کی درخواست دائر کی جسے عدالت منظور کر لیا۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے عدالت سے استدعا کی کورونا وباء کے باعث بار بار عدالت پیش نہیں ہو سکتا، اس لئے حاضری سے مستقل استثنیٰ دیا جائے، عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو حاضری سے مستقل استثنیٰ دینے کی درخواست پر نیب سے جواب طلب کر لیا۔احتساب عدالت نے سماعت مکمل ہونے پر مسلسل عدم پیشی کے باعث سابق وزیراعظم نوازشریف کی ناقابل ضمانت ورانٹ گرفتاری جاری کر دیئے جبکہ وزارت خارجہ کو حکم دیا کہ وہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرائیں۔ توشہ خانہ ریفرنس کی مزید سماعت 30 جون تک ملتوی کر دی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں