یہودیوں کی گریٹر اسرائیل کی جانب پیشرفت۔۔ پاکستان نے اسرائیل کو وارننگ دیدی

اسلام آباد(پی این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسئلہ فلسطین پر اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ صیہونی ریاست کسی بھی مقبوضہ حصے کو ضم کرنے سے باز رہے۔تفصیلات کے مطابق مسئلہ فلسطین پر او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا غیر معمولی ورچوئل اجلاس منعقد ہوا، مذکورہ اجلاس میں پاکستانی وفد کی

قیادت شاہ محمود قریشی نے کی اور اس دوران انہوں نے کشمیر اور فلسطین کی آزادی کی تحاریک کی مشترکا نوعیت کو اجاگر کیا۔وزیر خارجہ نے القدس الشریف دارالحکومت کی حامل خود مختار اور متصل ریاست فلسطین کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کسی بھی مقبوضہ حصے کو ضم کرنے سے باز رہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کی بنیاد متعلقہ خطوں کے عوام کے ناقابل تنسیخ استصواب رائے کے حق پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو بھی بدترین صورتحال کا سامنا ہے، عالمی برادری کشمیر اور فلسطین کے دیرینہ تنازعات کے حل میں کردار ادا کرے۔اجلاس کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا۔ واضح رہے کہ یہ غیر معمولی اجلاس فلسطین کی درخواست پر بلایا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں