لاہور(پی این آئی)پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر اور سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے ڈرنے کی بجائے اللہ سے ڈریں۔ کہ دوا کے ساتھ ساتھ دعا کا ہونا بہت ضروری ہے۔اپنے ایک بیان میں ق لیگی صدر کا کہنا تھا کہ مزدوری کرنے والوں، اپنے ملازمین اور اردگرد غریب اور مستحق
لوگوں کو ڈھونڈیں اور ان کو کھانا دیا کریں۔ جب اللہ راضی ہوتا ہے تب ہی معجزات ہوتے ہیں، اس کی مثال میری اپنی زندگی ہے۔انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اللہ راضی ہے تو سب کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے۔ میرے اور تمام لوگوں کیلئے یہ واقعی لمحہ فکریہ ہے، کورونا وائرس سے ڈرنے کی بجائے اللہ سے ڈریں۔شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ اس وباء سے بچنے کیلئے اللہ کو راضی کریں اور حضورﷺ کے بتائے ہوئے طریقے پر اپنی زندگی گزاریں۔ میں بار بار سب کو یہی تاکید کر رہا ہوں کہ یہ وائرس اللہ تعالیٰ کی طرف سے وارننگ ہے۔ق لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اپنے گریبان میں جھانک کر اپنی غلطیوں کا احساس کر کے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہئے۔ یہ سمجھنے کی بات ہے کہ پوری دنیا میں طاقت کا معیار بدل چکا ہے، ایٹم بم اور میزائل اس وائرس کو نہیں مار سکتے۔انہوں نے مزید کہا کہ طاقتور ہونے کے دعوے دھرے کے دھرے رہ چکے ہیں۔ میرا اس بات پر یقین اور پختہ ہو گیا ہے کہ دوا کے ساتھ ساتھ دعا کا ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر اللہ راضی ہے تو سب کچھ ٹھیک ہو جاتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں