کراچی(پی این آئی)سال 2020-21 کا وفاقی بجٹ ریلیف بجٹ ہو گا، مشیر خزانہ کی کراچی چیمبر آف کامرس کو یقین دہانی۔وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کو یہ یقین دہانی کروائی ہے کہ مالی سال 2020-21 کا آئندہ بجٹ ریلیف بجٹ
ہوگا اور کے سی سی آئی کی بیشتر سفارشات کو شامل کیا جائے گا جس کا اعلان حکومت کی جانب سے 12جون2020کو بجٹ میںکیا جائے گا۔یہ یقین دہانی مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے چیئرمین بزنس مین گروپ اور سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں پیر کے روز ویڈیو لنک پر کے سی سی آئی کی ٹیم کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں کروائی جس میں کے سی سی آئی کی جانب سے بجٹ 2020-21کے لیے دی گئی تجاویز پر غور کیا گیا۔کے سی سی آئی کے وفد میں سراج تیلی کے علاوہ کے سی سی آئی کے صدر آغا شہاب احمد خان اور سابق سینئر نائب صدر ابراہیم کوسمبی بھی شامل تھے جبکہ وزارت خزانہ کے حکام اور چیئرپرسن فیڈرل بورڈ آف ریونیو محترمہ نوشین جاوید بھی اجلاس میں شریک تھیں جو40منٹ سے زائد دورانیے تک جاری رہا۔کے سی سی آئی کے صدر نے اپنے ابتدائی کلمات میںکہا کہ سال 2020-21 کے لیے بجٹ ایسے وقت میں تیار کیا جارہاہے جب پورے ملک کو کرونا وائرس کی وبا کے باعث سنگین بحران کا سامنا ہے اور ہر کاروباروصنعت بری طرح متاثرہوئی ہے۔ ان غیر معمولی حالات میں عام طور پر عوام اور باالخصوص کاروباری طبقہ ایسے بجٹ کے منتظر ہے جو معیشت کو تباہی کے دہانے سے بچانے اور ریلیف کے اقدامات پر مشتمل ہو۔سراج تیلی نے اجلاس کے دوران بڑے معاشی مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان اقدامات کی وضاحت کی جن کو کے سی سی آئی نے کرونا وبا کی وجہ سے ہونے والے عالمی معاشی بحرانوں کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لیے تجویز کیا۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آج تجارت وصنعت کی بقا ہی پورے کھیل کا نام ہے جسے محصولات کی بجائے بجٹ میں اولین ترجیح پر ہونا چاہیے۔ محصولات صرف اسی صورت میں حاصل ہوسکتی ہیں جب تجارت وصنعت اپنی بقا قائم رکھیں گے لہٰذا بجٹ میں ان معاشی اقدامات کے ذریعے ریلیف پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ مقامی معیشت جی ڈی پی میں 92فیصد کی حصہ دار ہے اور روزگار کے بے شمار مواقع فراہم کرتی ہے جسے نہ تو ضرورت کے مطابق ریلیف دیا گیا اور نہ ہی کوئی مالی امداد۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں