مدارس کھولنے کی اجازت دی جائیگی یا نہیں؟ وفاقی حکومت نے فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) حکومت کا مدارس کھولنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود اور اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے وفد کے درمیان آج مدارس کھولنے سے متعلق مذاکرات ہوئے، مذاکرات میں دینی مدارس کے رہنماؤں کی قیادت قاری حنیف جالندھری نے کی۔ وفد کی جانب سے مدارس

کھولنے پر اصرار کیا گیا تاہم وزیرتعلیم نے اجازت دینے سے انکار کردیا۔مدارس کھولنے سے متعلق علماء نے سوال کیا کہ اگر ملک میں باقی سرگرمیاں ہو سکتی ہیں تو مدارس کیوں نہیں کھولے جاسکتے؟ مدارس کو طے شدہ ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے۔ اس پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ اگر مدارس کھولنے کی اجازت دی گئی تو سکولز اور پرائیوٹ تعلیمی ادارے بھی کھولنا پڑیں گے جس سے کورونا وبا مزید پھیلنے کا خطرہ ہے اور طلباء خطرے میں پڑسکتے ہیں۔وزیر تعلیم نے بتایا کہ اس وقت کورونا کی صورتحال بگڑ رہی ہے مدارس کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے، صوبے پہلے ہی بعض اقدامات پر ہم سے نالاں ہیں اس لیے فی الحال مدارس نہیں کھولے جاسکتے۔ وفاقی حکومت کے جواب پر مدارس نے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اجلاس طلب کرلیا ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت نے صوبےکے سرکاری سکولوں میں درسی کتابوں کی تقسیم کار کا سلسلہ بحال کر دیا ہے۔اتھارٹی نے گزشتہ روز شیڈول کے تحت لاہور کے سرکاری سکولوں میں دسویں کلاس کی کتابیں تقسیم کیں جبکہ آج بروز منگل نویں کلاس کی درسی کتب تقسیم کی جائیں گی۔ اس کے بعد صوبے کے تمام سکولوں میں کتب کی تقسیم شروع کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ پرائیویٹ سکولوں کی جانب سے کئی بار سکول کھولنے کا مطالبہ کیا گیا ہے تاہم حکومت نے ابھی تک سکول کھولنے کی اجازت نہیں دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close