حیدر آباد (پی این آئی)حیدر آباد پولیس کے انسپکٹر رانا شفیق کورونا کے مقابلے میں زندگی ہار گئے، سندھ پولیس میں متاثرین کی تعداد 460 ہو گئی،سندھ پولیس کے ایک اور افسر کورونا وائرس سے متاثر ہوکر انتقال کرگئے ہیں جبکہ صوبے میں اس عالمی وبا سے متاثر پولیس ملازمان کی تعداد 460 سے تجاوز کر گئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق حیدرآباد پولیس رینج سے تعلق رکھنے والے انسپکٹر رانا شفیق میں چند روز قبل کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس پر انہیں حیدر آباد کے سول اسپتال میں قائم آئسولیشن سینٹر منتقل کردیا گیا تھا جہاں گزشتہ رات رانا شفیق خالقِ حقیقی سے جا ملے۔حیدرآباد پولیس رینج میں 15 پولیس ملازمان میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے جن میں سے 7 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 8 مریضوں میں سے رانا شفیق کے انتقال کے بعد اب یہ تعداد 7 رہ گئی ہے۔یہ تمام پولیس ملازمان حیدر آباد کے مختلف اسپتالوں یا میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج اور کچھ اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں۔سندھ پولیس کے 460 سے زائد پولیس افسر اور جوان کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں جن میں سے 133 سے زائد صحتیاب ہوکر گھروں کو لوٹ چکےہیں جبکہ 300 سے زائد ابھی بھی مختلف اسپتالوں یا میڈیکل سینٹرز میں زیر علاج اور کچھ اپنے گھروں پر آئسولیشن میں ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق سندھ پولیس کے 8 ملازمان کورونا وائرس سے انتقال کرچکے ہیں۔ کورونا وائرس کا شکار پولیس ملازمان کی سب سے زیادہ تعداد 354 کراچی رینج میں ہے جن میں سے 118 صحتیاب ہوچکے جبکہ 228 سے زائد پولیس ملازمان ابھی بھی اس وائرس میں مبتلا ہیں۔کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی جانب سے کورونا وائرس جیسی موذی مرض سے بچاؤ کے لیے فرنٹ لائن پر لڑنے والی پولیس فورس کے انتقال کرنے والے ملازمان کو شہید کا درجہ دینے کی تجویز آئی جی سندھ کو بھیجی جاچکی ہے مگر سندھ حکومت کی جانب سے اس پر عمل نہیں کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں